• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پاکستانی شوہر محسن خان سے بیٹی لینے کیلئے سادھوؤں سے مدد لی تھی، رینا رائے

شائع January 20, 2023
رینا رائے نے کراچی آکر مٓحسن خان سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
رینا رائے نے کراچی آکر مٓحسن خان سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

ماضی کی مقبول اور بولڈ بھارتی اداکارہ رینا رائے نے سابق پاکستانی کرکٹر اور اداکار محسن خان سے طلاق ہوجانے کے 30 سال بعد انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اس وقت شوہر سے بیٹی کو حاصل کرنے کے لیے پنڈتوں اور سادھوؤں سے بھی مدد لی تھی۔

رینا رائے ماضی کی مقبول اور بولڈ ہیروئنز میں سے ایک ہیں، انہوں نے راج کپور اور شتروگن سنہا سمیت متعدد اداکاروں کے ساتھ کام کیا اور ان کے ساتھی اداکاروں کے ساتھ افیئرز بھی رہے۔

رینا رائے نے کیریئر کے عروج پر 1983 میں پاکستانی کرکٹر اور اداکار محسن خان سے پاکستان آکر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں خفیہ طور پر شادی کی تھی اور وہ چند سال تک یہیں مقیم رہی تھیں۔

محسن خان اور رینا رائے نے 1983 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
محسن خان اور رینا رائے نے 1983 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

شادی کے بعد رینا رائے نے بولی وڈ کام چھوڑ دیا تھا، تاہم وہ بھارت آتی جاتی رہتی تھیں اور ان کے ہاں 1990 سے قبل ہی بیٹی کی پیدائش ہوگئی۔

بیٹی کی پیدائش کے چند سال بعد رینا رائے نے پاکستانی طرز زندگی کا سبب بنا کر محسن خان سے طلاق لی اور بعد ازاں انہوں نے اپنی بچی حاصل کرنے کے لیے طویل جدوجہد بھی کی اور پھر وہ اپنی بیٹی کو بھی ساتھ لے جانے میں کامیاب گئیں۔

رینا رائے نےبیٹی کو بھارت لے جانے کے بعد ان کا نام ’جنت‘ سے تبدیل کرکے ’صنم رائے‘ رکھا۔

محسن خان سے طلاق کو 30 سال گزر جانے کے بعد حال ہی میں انہوں نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ انہوں نے خود اپنی مرضی سے طلاق لی تھی جب کہ محسن خان اپنی شادی کو بچانے کی کوششیں کرتے رہے۔

شادی کے کچھ سال بعد رینا رائے پاکستان میں بھی رہیں—فائل فوٹو: ٹوٗئٹر
شادی کے کچھ سال بعد رینا رائے پاکستان میں بھی رہیں—فائل فوٹو: ٹوٗئٹر

رینا رائے کے مطابق محسن خان نے انہیں پیش کش کی کہ وہ لندن منتقل ہوجاتے ہیں، جہاں انہیں آرام سے شہریت بھی مل جائے گی مگر اداکارہ نہ مانیں۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ محسن خان ان سے بے حد محبت کرتے تھے اور ساتھ ہی وہ ان کی عزت بھی کرتے تھے اور انہیں اپنے ساتھ پوری زندگی رکھنے کے لیے انہوں نے کوششیں بھی کیں۔

رینا رائے کا کہنا تھا کہ وہ خود محسن خان کے لائف اینڈ اسٹائل میں ایڈجسٹ نہ ہوسکیں، جس وجہ سے انہیں طلاق لینی پڑی۔

انہوں نے محسن خان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں نہ صرف اچھا شوہر بلکہ اچھا والد بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ آج بھی اپنی بیٹی کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔

رینا رائے نے محسن خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی لمبی عمر اور صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

رینا رائے اور محسن خان کو ایک بیٹی بھی ہے جو اب بھارت میں والدہ کے ساتھ رہتی ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
رینا رائے اور محسن خان کو ایک بیٹی بھی ہے جو اب بھارت میں والدہ کے ساتھ رہتی ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024