اداکارہ رحمت اجمل کے ہاں بچے کی پیدائش
مقبول ماڈل و اداکارہ رحمت اجمل کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہونے پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
رحمت اجمل نے 20 جنوری کو انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے ہاں چند دن قبل 16 جنوری کو بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
انہوں نے مختصر پوسٹ کے ساتھ نوزائیدہ بچے کے ہاتھوں کی تصاویر سمیت اپنی حمل کی پرانی تصاویر بھی شیئر کیں۔
اداکارہ نے بچے کی پیدائش کے لیے سجائے گئے گھر اور کمرے کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
اداکارہ نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا نام بھی بتایا اور ساتھ ہی بیٹے کے نام کا مفہوم بھی سمجھایا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے کا نام ’رائد‘ رکھا ہے، جس کا مطلب سربراہ یا راستہ دکھانے والا ہوتا ہے۔
اجمل رحمت نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش پر مختصر جذباتی پیغام بھی لکھا کہ انہوں نے نئی زندگی کو 9 ماہ تک اپنے پیٹ میں رکھا اور 17 گھنٹے تک ان کی پیدائش سے قبل تکلیف برداشت کی اور پھر ایمرجنسی میں انہوں نے آپریشن بھی کروایا۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوزائیدہ بچے کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اب وہ ہر روز ان سے کوئی نہ کوئی چیز سیکھتی رہیں گی۔
اداکارہ کی جانب سے اپنے ہاں پہلے بچے کی تصدیق کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
شوبز شخصیات کے علاوہ مداحوں نے بھی اداکارہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے اور بچے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اگرچہ اداکارہ نے تصدیق کی کہ ان کے ہاں 16 جنوری کو آپریشن کے ذریعے ہسپتال میں بچے کی پیدائش ہوئی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کون سے شہر میں بچے کو جنم دیا اور اب وہ کہاں ہیں؟
اجمل رحمت نے مارچ 2021 میں منگنی کے 6 ماہ بعد طیب اسلم سے شادی کی تھی۔
اداکارہ و ماڈل نے اکتوبر 2020 میں کورونا کے دوران سادگی سے لاہور میں منگنی کی تھی۔
رحمت اجمل نے اے لیول کرنے کے بعد لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے 2018 میں ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں گریجویشن کیا تھا۔
ایک ٹیچر کے مشورے پر دوران تعلیم انہوں نے ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور بعدازاں اداکاری کے میدان بھی قسمت آزمائی۔
رحمت اجمل نے پاکستانی گلوکار علی سیٹھی کی 2 میوزک ویڈیوز ’دل لگائیں’ اور ‘دل کی خیر میں اداکاری کی۔
گانوں میں ماڈلنگ کے علاوہ انہوں نے ’میرے پاس تم ہو‘ سمیت متعدد ڈراموں میں مختصر اور مرکزی کردار بھی ادا کیے اور وہ ایک کاروباری خاتون بھی ہیں۔
وہ ایک آن لائن کلاتھنگ اینڈ ڈیکور اسٹور رہسٹور (Rehstore) کی بانی بھی ہیں۔