• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

منی لانڈرنگ کے الزامات: وفاقی تحقیقاتی ادارے کی سلیمان شہباز سے پوچھ گچھ

شائع January 20, 2023
سلیمان شہباز نے گزشتہ ماہ ضمانت حاصل کی تھی — فوٹو: ڈان نیوز
سلیمان شہباز نے گزشتہ ماہ ضمانت حاصل کی تھی — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز سے چینی اسکینڈل میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات سے متعلق پوچھ گچھ کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سلیمان شہباز رمضان شوگر ملز اور بے نامی اکاؤنٹس سے متعلق ایف آئی آر 39/2020 کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور اس کے سوالات کے جوابات دیے۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی آئندہ سماعت 21 جنوری کو ہوگی۔

چند ماہ قبل لاہور کی خصوصی عدالت نے اس کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بڑے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بری کر دیا تھا۔

ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں شہباز شریف اور ان کے 2 صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے سیکشن 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

عدالت نے کارروائی سے مسلسل غیر حاضر رہنے کی وجہ سے سلیمان شہباز اور ایک شریک ملزم کو اشتہاری قرار دیا تھا، تاہم انہوں نے گزشتہ ماہ ضمانت حاصل کی جس کے بعد وہ چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد لندن سے واپسی کے قابل ہوگئے۔

ایف آئی اے کے مطابق شواہد سے پتا چلتا ہے کہ سلیمان شہباز نے اپنے بھائی حمزہ شہباز کی مدد کی اور اس طرح وہ بھی اسی جرم کے مرتکب ہوئے۔

غیر قانونی کرنسی

دوسری جانب ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی کے کاروبار اور اس کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف جاری مہم کے دوران 70 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے لاہور کے مطابق اس نے غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا اور ایک ماہ کے دوران 70 ملزمان کو گرفتار کیا، ان ملزمان میں سے زیادہ تر مشتبہ افراد کو لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ تقریباً 22 دکانوں/دفاتر کو بھی سیل کیا گیا ہے اور ان سے 30 کروڑ روپے کی رقم برآمد کی گئی ہے۔

جاری بیان کے مطابق مشتبہ افراد کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مقصد حوالہ، ہنڈی کے غیر قانونی عمل کی روک تھام ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024