پنجاب کے ہر ضلع میں ایک خاتون ایس ایچ او تعینات کرنے کا فیصلہ
خواتین پولیس افسران کا کردار بڑھانے کی کوششیں کرتے ہوئے پنجاب پولیس نے ہر ضلع میں ایک خاتون اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کے بارے میں ریجنل پولیس افسر سمجھتے ہوں کہ وہ اس عہدے کے لیے موزوں ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب نے تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز)، سٹی پولیس افسران (سی پی اوز) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ہر ضلع میں ایک خاتون ایس ایچ او تعینات کریں۔
رپورٹ کے مطابق تھانوں میں خاتون کی مدد کے لیے امدادی ڈیسک قائم کر دی گئی ہے لیکن وہ فعال نہیں ہے، بڑے شہروں اور اضلاع کے تھانوں میں ایک خاتون افسر کو تعینات کیا جانا چاہیے تاکہ وہ متاثرہ خاتون اور ان کی شکایات کے حوالے سے مدد کر سکیں۔
آئی جی نے اپنی ہدایات پر عمل درآمد کی رپورٹ بھی جمعہ تک طلب کر لی ہے۔