’ریکوری شروع، چیلنجز کیلئے تیار ہوں‘، حادثے میں شدید زخمی ریشابھ پنت کا پہلا پیغام
گزشتہ ماہ خوفناک کار حادثے کا شکار ہوکر شدید زخمی ہونے والے معروف بھارتی کرکٹر ریشابھ پنت نے اپنا پہلا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ریکوری کا عمل شروع ہوگیا ہے، میں آنے والے چیلنجز کے لیے تیار ہوں۔
واضح رہے کہ ریشابھ پنت گزشتہ ماہ بھیانک حادثے کا شکار ہوکر شدید زخمی ہوگئے تھے، حادثے کے نتیجے میں ان کی مرسڈیز گاڑی میں آگ لگ گئی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی اور وہ کھڑکی توڑ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے تھے، بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کرکٹر کے سر، پیٹھ اور ٹانگوں پر شدید زخم آئے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پہلے پیغام میں بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں، ساتھی کرکٹرز، ڈاکٹرز اور دیگر لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں مجھے ہمت دی اور میرا حوصلہ بڑھایا۔
ریشابھ پنت نے مزید لکھا کہ ’مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میرا آپریشن کامیاب رہا، میرا ریکوری کا عمل شروع ہوگیا ہے، میں آنے والے چیلنجز کے لیے تیار ہوں‘۔
ہسپتال سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے سرکاری حکام، بھارتی کرکٹ بورڈ اور جے شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے حادثے کے فوری بعد ان کی مدد کرنے اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے والے 2 نوجوانوں رجت کمار اور نیشو کمار کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ میں تمام لوگوں کا نام لے کر ان کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا لیکن میں ضرور ان دو ہیروز کا نام لوں گا جنہوں نے حادثے کے دوران میری مدد کی اور یقینی بنایا کہ میں فوری ہسپتال پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں رجت کمار اور نیشو کمار کا ہمیشہ شکر گزار اور مقروض رہوں گا۔
ریشابھ پنت بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے اہم رکن ہیں، انہوں نے گزشتہ تین برسوں کے دوران بھارت کی چند یادگار فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق وہ ڈومیسٹک میچوں میں دہلی کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے شہر کی ٹیم کی قیادت کرتے ہیں۔
ریشابھ پنت، سری لنکا کے خلاف حالیہ ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کا حصہ نہیں ہیں اور انہیں ان کی کارکردگی کا معیار بہتر بنانے کے لیے بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے تیاری کر سکیں۔
انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں میچ وننگ 93 رنز کی شاندار بلے بازی کے کچھ روز بعد ہی بھارتی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جب کہ ان کی کارکردگی کی بدولت بھارت نے 0-2 سے بنگلہ دیش کو وائٹ واش شکست سے دوچار کیا تھا۔