• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری آج ارسال کردیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

شائع January 17, 2023
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے آج سمری ارسال کی جائے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے آج سمری ارسال کی جائے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے آج سمری گورنر کو ارسال کردیں گے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری آج ارسال کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ چار سال انتہائی خوش اسلوبی سے گزرے، تمام کابینہ اراکین، حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی سمیت بیوروکریسی کا شکر گزار ہوں۔

محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی آج ہی تحلیل کریں گے اور آنے والے عام انتخابات میں پورے ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کے باعث ملک میں عدم استحکام ہے، کرپٹ ٹولے سے چھٹکارا ناگزیر ہو چکا ہے۔

قبل ازیں معاون برائے وزیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ آج اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری گورنر کو ارسال کی جائے گی۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون برائے وزارت اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ آج رات 12 بجے سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے سمری گورنر کو ارسال کی جائے گی۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ گورنر کو سمری بھیجنے کے بعد ان کے پاس 24 گھنٹے ہوں گے کہ وہ اس پر دستخط کریں اور اگر نہیں کریں گے تو 48 گھنٹے بعد خود ہی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ 12 جنوری کو وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری پر دستخط کیے تھے۔

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی جانب سے گورنر پنجاب کو جاری مختصر ایڈوائس میں کہا گیا تھا کہ ’میں پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب، آپ کو ایڈوائس کر رہا ہوں کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی تحلیل کردیں‘۔

چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’وعدہ پورا کیا گیا، ہم آپ کو جلد وزیراعظم کی کرسی پر دیکھ سکیں‘۔

خیال رہے کہ دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین کی جانب سے اس وقت کیا گیا تھا جب وہ ’حقیقی آزادی مارچ‘ کے نام سے احتجاج کر رہے تھے اور اس دوران انہوں نے اسمبلیاں تحلیل کرکے قبل از انتخابات کرانے پر زور دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024