• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات تک رسائی حاصل کرنا عوام کا حق ہے، عدالت

شائع January 17, 2023
جسٹس عاصم حفیظ نے سوال کیا کہ اگر کسی نجی شخص کو تفصیلات تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے تو عام عوام کو کیوں نہیں؟ — فائل فوٹو: اے ایف پی
جسٹس عاصم حفیظ نے سوال کیا کہ اگر کسی نجی شخص کو تفصیلات تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے تو عام عوام کو کیوں نہیں؟ — فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 19-اے کے تحت توشہ خانہ کی تفصیلات تک رسائی حاصل کرنا عوام کا حق ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جسٹس عاصم حفیظ نے 1947 سے لے کر اب تک سیاسی حکمرانوں اور بیوروکریٹس کو غیر ملکی شخصیات کی جانب سے ملنے والے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

کابینہ ڈویژن کی سیکشن افسر ندا رحمٰن عدالت کے سامنے پیش ہوئیں اور کہا کہ وفاقی حکومت نے توشہ خانہ آرٹیکل سے متعلق معلومات کو پبلک کرنے کے فیصلے کے حوالے سے جون 2022 کے دوران کمیٹی قائم کی تھی۔

جج نے مشاہدہ کیا کہ اگر ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کے حکام کو توشہ خانہ کے تحائف تک رسائی ہے تو تفصیلات کو کس بنیاد پر کلاسیفائیڈ قرار دیا جاسکتا ہے؟

جسٹس عاصم حفیظ نے سوال کیا کہ اگر کسی نجی شخص کو توشہ خانہ کی تفصیلات تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے تو عام عوام کو کیوں نہیں؟

عدالت نے آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت کو اس معاملے پر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں درخواست گزار اظہر صدیق نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی عوام کو عوامی کارکنون اور ان کے منتخب کردہ نمائندگان کی جانب سے عوامی سطح پر کیے جانے والے عوامل کےحوالے سے آگاہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشروں کے لوگوں کو عوامی نمائندگان کے عوامل سے آگاہ رکھنا چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں اپنے فیصلے پر اثر انداز ہوسکیں۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ سیاسی حکمرانوں سمیت بیوروکریٹ کو توشہ خانہ سے دیے جانے والے تحائف کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم دے اور ان لوگوں/حکام کے نام، تفصیلات، معلومات، دستاویزات، مواد بھی فراہم کریں جنہوں نے ادائیگی کرکے اثاثے حاصل کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024