• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسبملی تحلیل کرنے کیلئے سمری منگل کو بھیج دی جائے گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

شائع January 15, 2023
محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائے گی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائے گی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے منگل کو سمری گورنر کو بھیج دی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں محمود خان نے کہا کہ ’قائد عمران خان کے حکم کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری بروز منگل گورنر کو ارسال کردی جائے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ان شااللہ تحریک انصاف دوتہائی اکثریت سے دوبارہ حکومت میں آئے گی‘۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اعلان کے مطابق پنجاب اسمبلی تحلیل کردی گئی تھی اور عمران خان نے کہا تھا کہ اس کے بعد خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔

اسی طرح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہفتے کو پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ عمران خان کا اشارہ ملتے ہیں اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’میں پارٹی کا ادنیٰ کارکن ہوں، میری کیا حیثیت کہ عمران خان اشارہ کریں اور میں کہوں نہیں میں یہ نہیں کر رہا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ جب وقت آئے گا تو ہم اسمبلی تحلیل کرنے کی طرف بڑھیں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے 11 جنوری کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد اگلے روز صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری پر دستخط کردیے تھے اور سمری گورنر پنجاب کو بھیج دی تھی۔

پرویز الہٰی کی جانب سے گورنر پنجاب کو جاری مختصر سمری میں کہا گیا تھا کہ ’میں پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب، آپ کو تجویز کر رہا ہوں کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی تحلیل کردیں‘۔

بعد ازاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری موصول ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم 48 گھنٹے کی مدت ختم ہونے کے باوجود انہوں نے سمری پر دستخط نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے متعلق عمل کا حصہ نہ بنوں‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’میں آئین اور قانون کو خود اپنا راستہ لینے کے لیے چھوڑوں گا، ایسا کرنے سے قانونی عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی کیونکہ اس حوالے سے آگے بڑھنے کے لیے آئین بالکل واضح ہے‘۔

گورنر پنجاب کی جانب سے گزشتہ روز جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد ایک متفقہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی اور قائدِ حزب اختلاف حمزہ شہباز کو مراسلے جاری کر دیے گئے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب اسمبلی اور صوبائی کابینہ آئین کے آرٹیکل 112 ون کے تحت تحلیل ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024