• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

پنجاب میں ممکنہ انتخابات: نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو تیاری کی ہدایت

شائع January 15, 2023
— فائل فوٹو: نواز شریف ٹوئٹر
— فائل فوٹو: نواز شریف ٹوئٹر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو پنجاب میں ممکنہ انتخابات کے حوالے سے تیاری کی ہدایت کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ نوازشریف کی زیر صدارت لندن میں پارٹی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

نواز شریف نے پارٹی کے صدر شہباز شریف کو پارلیمانی بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کی۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ پورے جذبے، اعتماد اور بھرپور تیاری اور قوت سے آگے بڑھیں، انشا اللہ فتح پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہو گی۔

دوسری جانب، فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کے تحت پنجاب اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے، اب پی ڈی ایم کا سامنا میدان میں ہو گا۔

یاد رہے کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی وزیراعلیٰ کی جانب سے سمری پر دستخط کے 48 گھنٹے مکمل ہونے پر از خود تحلیل ہو چکی ہے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد ایک متفقہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی اور قائدِ حزب اختلاف حمزہ شہباز کو مراسلے جاری کر دیے گئے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب اسمبلی اور صوبائی کابینہ آئین کے آرٹیکل 112 ون کے تحت تحلیل ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے 11 جنوری کو رات گئے اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد اگلے روز صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری پر دستخط کردیے تھے اور سمری گورنر پنجاب کو بھیج دیا تھا۔

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی جانب سے گورنر پنجاب کو جاری مختصرسمری میں کہا گیا تھا کہ ’میں پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب، آپ کو تجویز کر رہا ہوں کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی تحلیل کردیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024