• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ٹام موڈی اور اینڈی فلاور کا بھی قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے سے انکار

شائع January 14, 2023
— فوٹو: ٹوئٹر ڈیزرٹ وائپرز/ اے ایف پی فائل
— فوٹو: ٹوئٹر ڈیزرٹ وائپرز/ اے ایف پی فائل

معروف کرکٹ کوچ اینڈی فلاور اور آسٹریلیا کے سابق کوچ ٹام موڈی نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے لیے دستیاب نہیں ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مشکلات درپیش ہیں، متعدد انٹرنیشنل کوچز فرنچائز کرکٹ کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔

ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ٹام موڈی نے بتایا کہ وہ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں، اور اس کی وجہ فرنچائز کرکٹ میں ان کے معاہدے ہیں، ٹام موڈی دبئی میں انٹرنیشنل ٹی 20 لیگ (آئی ایل ٹی 20) میں ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ بطور ڈائریکٹر کرکٹ وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ابھی آئی ایل ٹی20 لیگ میں ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ مصروف ہوں جبکہ آنے والے دنوں میں بھی کچھ مصروفیات ہیں لہٰذا کافی حد تک میں پاکستان کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے حوالے سے باصلاحیت قوم ہے اور مجھے یقین ہے جو بھی پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بنے گا اس کا وقت دلچسپ گزرے گا۔

دریں اثنا، اینڈی فلاور نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ بھی پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے لیے دستیاب نہیں ہیں، معروف کرکٹ کوچ دبئی میں آئی ایل ٹی 20 میں گلف جائنٹس کے ساتھ بطور کوچ کام کررہے ہیں۔

زمبابوے کے سابق مایہ ناز کھلاڑی اینڈی فلاور جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی ملتان سلطان کے ساتھ وابستہ ہیں، نے ابوظبی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فرنچائز کرکٹ میں مصروف ہیں اور پاکستان ہیڈ کوچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے موجودہ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے عہدے کی معیاد فروری 2023 میں ختم ہورہی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو نئے ہیڈ کوچ کی تلاش ہے۔

یاد رہے کہ 10 جنوری کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے دوبارہ کوچ بننے کی پیش کش ٹھکرادی تھی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ بنانے کے لیے ان سے بات کی گئی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ مکی آرتھر کے ساتھ ایشیا کپ، کرکٹ ورلڈ کپ 2023، ٹی20 ورلڈ کپ 2024 اور آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2025 کے دوران قومی ٹیم کی ہیڈ کوچ کی حیثیت سے رہنمائی کے لیے بات کی گئی تھی۔

پی سی بی نے کہا کہ ڈربی شائر کے ساتھ طویل مدتی معاہدے کی وجہ سے ہم نے ان کے ساتھ اس تجویز پر بھی بات کی تھی کہ وہ ڈربی شائر کے ساتھ ٹائم شیئر کی بنیاد پر پی سی بی کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر کام کریں۔

اس حوالے سے بتایاگیا تھا کہ بدقسمتی سے مختلف وجوہات کی وجہ سے دونوں فریقین کے لیے یہ تجویز کارآمد بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔

بورڈ نے بتایا کہ حالات کے پیش نظر پی سی بی قومی ٹیم کے ہیڈکوچ کے عہدے لیے موزوں شخص کی تلاش جاری رہے گی اور چند بڑے نام پہلے ہی زیر غور ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024