• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

امریکا: شدید طوفان کے نتیجے میں7 افراد ہلاک

شائع January 13, 2023
جنوبی امریکا میں شدید طوفان نے تباہی مچادی ہے — فوٹو: اے ایف پی
جنوبی امریکا میں شدید طوفان نے تباہی مچادی ہے — فوٹو: اے ایف پی

جنوبی امریکا میں شدید بارش نے تباہی مچادی ہے جہاں طوفانی بگولوں کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق نیشنل ویدر سروس نے دن کے اوقات میں بارش کے دوران 45 طوفانی بگولوں کی اطلاع دی، تاہم اس میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

ایمرجنسی سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر گیری ویور نے کہا کہ الاباما کی وسطی اوٹاگا کاؤنٹی میں طوفانی بگولوں کی وجہ سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

سیلما کے قریبی شہر میں طوفانی بگولوں نے شہر کے مرکزی علاقے کو شدید نقصان پہنچایا جہاں گھروں کی چھتیں اکھڑ گئیں جبکہ درخت بھی گرگئے۔

ریاست سیلما کے میئر جیمز پرکنز نے کہا کہ طوفان نے واضح طور پر نقصان پہنچایا ہے، انہوں نے شہریوں پر سڑکوں اور بجلی کی گرتی ہوئی لائنوں سے دور رہنے پر زور دیا ہے۔

الاباما کی گورنر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’یہ جان کر افسوس ہوا کہ الاباما کے 6 شہری بگولوں کی زد میں آگئے۔‘

طوفان کا سلسلہ پڑوسی ریاست جارجیا کے مشرق میں بھی جاری ہے جہاں درخت گرنے سے ایک 6 سالہ بچی ہلاک ہوگئی۔

جارجیا کے گورنر برائن کیمپ نے کہا کہ ’ہمارا پورا خاندان اس سانحے پر افسردہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم طوفانی بگولوں پر حکومتی ردعمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور ہم اس متاثرہ خاندان کے لیے دعاگو ہیں کیونکہ وہ اس افسوس ناک حادثے سے دوچار ہیں۔

طوفانی بگولے ایک موسمی رجحان ہیں جس کی پیش گوئی کرنا مشکل ہوتا ہے اور یہ امریکا بالخصوص ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں عام ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں الاباما اور مسیسیپی میں 36 طوفانی بگولوں کی اطلاع ملی تھی جس کی وجہ سے دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024