سام سنگ کا مڈرینج ’گلیکسی اے 14‘ پیش
جنوبی کورین کمپنی سام سنگ یوں تو آئندہ ماہ فروری میں رواں سال کے بہترین اور مہنگے فون ’گلیکسی ایس 23‘ پیش کرنے جا رہی ہے، تاہم کمپنی نے ان سے قبل ہی مڈرینج فون پیش کردیا۔
سام سنگ نے رواں سال کے شروع میں ہی مڈرینج فون ’گلیکسی اے 14‘ پیش کردیا، جس کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں۔
’گلیکسی اے 14‘ کے بیک پر 50 میگا پکسل کا مین جب کہ ترتیب وار دو دو میگا پکسل کے دو کیمرے دیے گئے ہیں۔
فون کے فرنٹ پر 13 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا جدید سینسرز کے ساتھ دیا گیا ہے۔
مڈرینج فون کو کمپنی نے 6۔6 انچ ایمولیڈ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے۔
فون میں 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری 33 میگا واٹ فاسٹ چارجر کے ساتھ دی گئی ہے۔
فون کو 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، تاہم اس میں الگ سے میموری کارڈ ڈال کر اس کی میموری بڑھائی جا سکتی ہے۔
’گلیکسی اے 14‘ میں سائیڈ میں فنگر پرنٹ سینسر بھی دیا گیا ہے جب کہ فون میں میڈیا ٹیک ڈیمنسٹی 700 کی چپ دی گئی ہے۔
فون کو اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ پیش کیا ہے اور اسے تین مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔
فون کی قیمت 200 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 45 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے اور اسے فوری طور پر صرف امریکا میں پیش کیا گیا ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ’گلیکسی اے 14‘ کو پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں آئندہ دو ہفتوں کے اندر پیش کردیا جائے گا۔