• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ: کراچی کیلئے بجلی 7 روپے 43 پیسے سستی کرنے کی منظوری

شائع January 11, 2023
قیمتوں میں کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا — فائل فوٹو: اے ایف پی
قیمتوں میں کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا — فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کے لیے نومبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی جبکہ باقی ملک کے لیے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔

نیپرا نے نومبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے لیے بجلی سستی اور باقی ملک کے لیے مہنگی کرنے کا الگ الگ نوٹی فکیشن جاری کیا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ کے-الیکٹرک نے نومبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک ماہ کے لیے بجلی 7 روپے 4 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی۔

اس درخواست پر سماعت کے بعد نیپرا نے محفوظ فیصلہ جاری کر دیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی والوں کو جنوری کے بلوں میں 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف ملے گا، کے-الیکٹرک صارفین کو 10 ارب روپے سے زائد کا ریلیف جنوری کے بلوں میں دے گا۔

مزید بتایا گیا کہ کمی کا اطلاق کے-الیکٹرک کے لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ دوسرے نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے جس کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ اضافی وصولی جنوری کے بلوں میں لی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ مہینے نیپرا نے کراچی کے صارفین کے لیے اکتوبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 45 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دی تھی، جبکہ اس سے قبل نومبر میں ستمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024