• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

2023 کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں پاکستان کا نمبر کیا ہے؟

شائع January 11, 2023
پاکستانی پاسپورٹ ایک بار پھر چوتھا کمزور ترین قرار پایا — اے پی پی فائل فوٹو
پاکستانی پاسپورٹ ایک بار پھر چوتھا کمزور ترین قرار پایا — اے پی پی فائل فوٹو

پاسپورٹس کی درجہ بندی میں جاپان کی برتری برقرار ہے، 2023 کے لیے کی گئی عالمی درجہ بندی میں جاپان کا پاسپورٹ طاقتور ترین قرار پایا ہے۔

گزشتہ سال بھی عالمی درجہ بندی میں جاپان اور سنگاپور کے پاسپورٹس سال کے طاقتور ترین پاسپورٹس قرار پائے تھے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے 2023 کے لیے دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری کی ہے جس میں جاپان ایک مرتبہ پھر سرفہرست ہے، اس کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں یا ایئرپورٹ پہنچتے ہی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

مجموعی طور پر 109 پاسپورٹس کی درجہ بندی کی گئی ہے، فہرست میں جاپان کے بعد سنگاپور اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹ کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے، ان ملکوں کے شہری 192 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کرسکتے ہیں۔

ویزا فری یا کسی جگہ پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے والے پاسپورٹ کی اس فہرست میں جرمنی اور اسپین کو مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے جس کے شہری 190 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کرسکتے ہیں۔

اٹلی، فن لینڈ اور لگسمبرگ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جن کے شہریوں کو 189 ممالک میں یہ سہولت دستیاب ہے۔

188 ممالک کے لیے اس سہولت کے ساتھ ڈنمارک، نیدرلینڈز، سوئیڈن اور آسٹریا کے پاسپورٹس پانچویں نمبر پر رہے جب کہ پرتگال، آئرلینڈ، فرانس اور انگلینڈ کے پاسپورٹس کے حامل افراد 187 ملکوں میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

186 ممالک کے لیے سہولت حاصل کرنے والے پاسپورٹس بلجیئم، جمہوریہ چیک، سوئٹزرلینڈ، امریکا، ناروے اور نیوزی لینڈ کے شہریوں کے پاس ہے جب کہ آسٹریلیا، یونان، مالٹا، اور کینیڈا کے پاسپورٹس 185 ممالک کے لیے اس سہولت کے ساتھ فہرست میں 8 ویں نمبر پر رہے۔

پولینڈ اور ہنگری کے پاسپورٹ 183 ممالک کے ساتھ 9ویں، لتھوانیا اور سلواکیہ کے پاسپورٹس 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے برعکس جن خطوں کے شہریوں کو سب سے کم ممالک میں مفت ویزا یا ایئرپورٹ پر ہی ویزا کی سہولت میسر ہے ان میں پہلے نمبر پر افغانستان اور دوسرے نمبر پر عراق کے شہری ہیں، جن کو صرف بالترتیب 27 اور 29 ممالک میں یہ سہولت حاصل ہے جب کہ شام کے پاسپورٹ کے حامل افراد صرف 30 ملکوں میں اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

پاکستانی پاسپورٹ بدستور چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ ہے جسے ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت 32 ممالک تک محدود ہے جب کہ یمن اور صومالیہ کے پاسپورٹس بالترتیب 5ویں اور چھٹے بدترین قرار پائے۔

خیال رہے کہ ہینلے کے علاوہ ’پاسپورٹ انڈیکس‘ نامی ویب سائٹ کی جانب سے بھی پاسپورٹ انڈیکس جاری کیا جاتا ہے۔

اس انڈیکس میں سب سے طاقتور پاسپورٹ ایک مسلم ملک کا قرار پایا ہے جو متحدہ عرب امارات ہے جس کے بعد سوئیڈن، فن لینڈ، اٹلی، جرمنی، نیدرلینڈز، ڈنمارک، آسٹریا، فرانس، اسپین، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے۔

اس فہرست میں بھی پاکستانی پاسپورٹ کمزور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جسے ویزا فری یا آن ارائیول کی سہولت صرف 36 ممالک کے لیے دستیاب قرار دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024