• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 79 رنز سے شکست دے دی

شائع January 11, 2023 اپ ڈیٹ January 12, 2023
نیوزی لینڈ نے سیریز1-1 سے برابر کردی—فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ نے سیریز1-1 سے برابر کردی—فوٹو: اے ایف پی
محمد نواز نے 4 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: اے ایف پی
محمد نواز نے 4 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: اے ایف پی
فخرزمان صفر پر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
فخرزمان صفر پر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا — فوٹو: کرک انفو
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا — فوٹو: کرک انفو
کونووے نے سنچری بنائی — فوٹو: اے ایف پی
کونووے نے سنچری بنائی — فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو باآسانی 79 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور پہلی وکٹ 2 رنز پر گری جب نسیم شاہ نے فن ایلن کو محمد نواز کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

ڈیون کونوے اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے دوسری وکٹ پر بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 181 رنز کی شراکت کی۔

ولیمسن اور کونوے نے اس دوران اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کی۔

اوپنر کونوے نے نیوزی لینڈ کی جانب سے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 91 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

نسیم شاہ نے پاکستان کو دوسری کامیابی اس وقت دلائی جب نیوزی لینڈ کا اسکور 183 رنز پر پہنچاتھا۔

کونوے کی 101 رنز کی اننگز کا خاتمہ کرتے ہوئے نسیم شاہ نے دوسری وکٹ حاصل کی، کونوے کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

محمد نواز نے نئے بلے باز ڈیرل مچل کو کھیلنے کے لیے زیادہ موقع فراہم نہیں کیا اور 7 گیندوں کا سامنا کرکے 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ کرا دیا۔

نیوزی لینڈکا اسکور 198 رنز پر پہنچا تھا کہ محمد نواز نے خطرناک بلے باز ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیو کردیا، انہوں نے صرف 2 رنز بنائے تھے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم 100 گیندوں کا سامنا کرکے 85 رنز بنا سکے اور محمد نواز نے ان کی وکٹیں اڑا دیں۔

محمد نواز نے اننگز کے 37 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے چھٹے بلے باز کو بھی آؤٹ کیا، اس مرتبہ گلین فلپس 3 رنزبنا کر ان کی وکٹ بنے۔

قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے اپنے 10 اوورز کے کوٹے میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کے دوران ایک تماشائی میدان میں داخل ہوا تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر انہیں قابو کرکے میدان سے باہر نکال دیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیا —فوٹو: اے ایف پی
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیا —فوٹو: اے ایف پی

مائیکل بریسویل 8 رنز بنا کر اسپنر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت کیویز کا اسکور 220 رنز تھا۔

اش سودھی نے مچل سینٹنر کا صرف 7 رنز تک ساتھ دیا تاہم انہوں نے 22 گیندوں کا سامنا کیا، اس دوران نیوزی لینڈ کا اسکور 238 تک پہنچا، سودھی کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔

نسیم شاہ نے اپنی تیسری وکٹ ٹم ساؤدھی کی صورت میں حاصل کی اور انہیں کھاتا کھولنے کی اجازت بھی نہیں دی۔

سینٹینر نے 37 رنز بنا کر ٹیم کو معقول مجموعے تک پہنچایا تاہم آخری اوور میں وکٹوں کے درمیان تیز رننگ کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور کی پانچویں گیند پر 261 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر ٹم ساؤدھی نے پہلے ہی اوور میں فخر زمان کو صفر پر آؤٹ کرکے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹے بجادی۔

امام الحق بھی مشکلات کا شکار نظر آئے اور 12 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے دو وکٹیں گرنے کے بعد انتہائی محتاط انداز اپنایا اور 99 گیندوں پر 55 رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد رضوان 64 کے مجموعی اسکور پر سینٹنر کا شکار بنے، انہوں نے 50 گیندوں کا سامنا کرکے 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔

حارث سہیل بھی توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور 21 گیندوں پر صرف 10 رنز بنا کر 86 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

آغا سلمان نے 22 گیندوں پر 25 رنز بنا کر کپتان کا کچھ دیر کے لیے ساتھ دیا اور اسکور 124 رنز تک پہنچا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

محمد نواز کو 142 کے اسکور پر بریسویل نے بولڈ کیا، انہوں نے صرف 3 رنز بنائے۔

کپتان بابراعظم ایک اینڈ پر کھڑے رہے اور اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

اسامہ میر 9 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12 رنز بنا کر ٹم ساؤدھی کی گیند پر ٹام لیتھم کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد وسیم نے 13 گیندوں پر 10 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا شامل تھا تاہم وہ ولیمسن اور سینٹنر کے گٹھ جوڑ کا شکار ہو کر رن آؤٹ ہوئے۔

بابراعظم نے 114 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز بنائے، اس موقع پر اش سودھی کی گیند پر وکٹ کیپر لیتھم نے اسٹمپ اڑا دیے، اس وقت پاکستان کا اسکور 182 رنز تھا۔

کیوی اسپنر اش سودھی نے حارث رؤف کو صفر پر آؤٹ کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

نیوزی لینڈ نے میچ باآسانی 79 رنز سے جیت کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی اور اش سودھی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کے خلاف شان دار سنچری بنانے والے ڈیون کونوے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نسیم شاہ کی شان دار باؤلنگ کے بعد بلے بازوں کی ذمہ دارانہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

یاد رہے کہ ایک روزہ میچز کی سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوگئی تھی۔

دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا گیا تھا۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، حارث سہیل، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ۔

مہمان میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے گزشتہ میچ میں کیریئر ڈیبیو کرنے والے ہنری شپلی کی جگہ ٹیم میں اش سودھی کو شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن (کپتان)، فن ایلن، ڈیون کونوے، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر، اش سودھی، ٹم ساؤدھی اور لوکی فرگوسن۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024