• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب: محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں، 5 مبینہ دہشت گرد گرفتار

شائع January 7, 2023
انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ صوبے کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ صوبے کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں 21 آپریشنز کرکے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جو تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 22 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے بعد جن 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، ان میں انعام الحق، مسکین اللہ، واحد خان، شیر نقیب اور شاہ ولی شامل ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’ان کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے، جن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) بھی شامل ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے صوبے بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گرودوں کے قبضہ سے ایک آئی ای ڈی بم، سیفٹی فیوز وائر 2.1 فٹ، پرائما کارڈ 6 فٹ، 2 دستی بم برآمد ہوئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق اس کے علاوہ ایک الیکٹرک سرکٹ، ایک الیکٹرک بٹن، 2 ڈیٹونیٹرز، الیکٹرک وائر 3 فٹ، بیٹری ایک عدد، کالعدم تنظیم کی 5 کتابیں اور ایک رسید بک، 2 موبائل فونز اور 17 ہزار 230 روپے کی نقدی بھی برآمد کی گئی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی مدد سے 526 کومبنگ آپریشنز کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشنز کے دوران 21 ہزار 227 مشتبہ افراد کو چیک کیا گیا، 130 مشتبہ افراد کو گرفتار اور 82 فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) درج کی گئیں، اس کے علاوہ 27 افراد کو بازیاب بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ صوبے کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے جبکہ دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

واضح رہے کہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری کو سی ٹی ڈی پنجاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے صوبے بھر میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 5 مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاع پر 24 آپریشن کیے تاکہ دہشت گردی کی لعنت سے مؤثر طریقے سے نمٹا جاسکے۔

سی ڈی حکام نے بتایا تھا کہ جن مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ان میں اسرار احمد، فاروق شاہ، سیف اللہ، سید شاہزیب اقبال اور احمد خان شامل ہیں، مبینہ طور پر ان کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔

خیبرپختونخوا سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک

ادھر خیبرپختونخوا میں محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور ریجن اور سیکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاع اطلاع پر سنگو سربند کے حدود میں کارروائی کی۔

بیان کے مطابق سی ٹی دی اہلکاروں کو دیکھ کر دہشت گردوں نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کردی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ فائرنگ تھم جانے کے بعد کلئیرنس آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو مردہ حالت میں پایا گیا، جن کی شناخت زرملوک عرف عثمان ولد علی زر خان، محمد سعید عرف پروفیسر ولد حمید شاہ، شاہد حسین عرف اختر حسین ولد مروت خان اور عبدالقیوم عرف عبدالبر ولد عبدالکبیر کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ علاقے میں فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024