• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

صنم سعید سے شادی کے سوال پر محب مرزا کا مبہم جواب

شائع January 5, 2023
گزشتہ ڈیڑھ سال سے دونوں کی شادی کی چہ مگوئیاں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
گزشتہ ڈیڑھ سال سے دونوں کی شادی کی چہ مگوئیاں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار و لکھاری محب مرزا ایک بار پھر اداکارہ و مادل صنم سعید سے محبت اور شادی کے سوال کو گول کر گئے اور انہوں نے ذو معنی الفاظ میں اعتراف کیا کہ ان کی ’صنم‘ سے محبت ہے۔

صنم سعید اور محب مرزا کی شادی کی افواہیں اس وقت سے جاری ہیں، جب دونوں کو ’عشرت، میڈ ان چائنا‘ فلم کی شوٹنگ اور تشہیر کے درمیان ایک ساتھ دیکھا گیا۔

دونوں مذکورہ فلم میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد مبہم انداز میں شادی اور تعلقات پر بھی بات کرتے دکھائی دیے مگر انہوں نے اپنے تعلقات اور شادی سے متعلق کوئی واضح بات نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: صنم سعید کا شادی کے کچھ عرصے بعد طلاق ہوجانے کا اعتراف

جون 2021 میں دونوں کی شادی کی افواہیں وقت پھیلی تھیں جب گلیکسی لولی وڈ نامی شوبز یوٹیوب چینل کے ایک شو ’واٹس دی 411‘ کے میزبانوں نے دونوں کے درمیان تعلقات کا دعویٰ کیا تھا۔

بعد ازاں دسمبر 2021 میں دونوں کی رومانوی انداز میں تصاویر وائرل ہونے کے بعد پھر سے چہ مگوئیاں ہوئی تھیں کہ دونوں نے خفیہ طور پر شادی کرلی اور اب صرف اعلان باقی ہے۔

حال ہی میں سال نو کے موقع پر صنم سعید نے 2022 کی یادوں پر مبنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں ان کے ساتھ محب مرزا کو بھی دیکھا گیا تھا۔

ان کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک بار پھر ان کی شادی کی چہ مگوئیاں شروع ہوئی تھیں۔

اور حال ہی میں محب مرزا نے کامیڈی ٹاک شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بھی مبہم انداز میں کہا تھا کہ ان کی شادی ہوگئی اور اب وہ زندگی میں اکیلے نہیں رہے، تاہم انہوں نے صنم سعید کا نام نہیں لیا تھا۔

اور اب انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں ایک بار پھر شادی اور محبت کے سوال پر ذو معنی الفاظ میں گفتگو کرکے مداحوں کو مزید الجھا دیا۔

محب مرزا حال ہی میں منیب نواز کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے تھے، جہاں میزبان نے بھی ان سے مبہم انداز میں پوچھا کہ ’ان کی صنم کے ساتھ کب اور کہاں سے کہانی شروع ہوئی؟

صنم سعید کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
صنم سعید کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

جس پر محب مرزا نے بھی انہیں ذو معنی جملوں میں جواب دیا اور کہا کہ ’صنم‘ کا مطلب ہوتا ہے ’جس سے محبت کی جائے‘ اور محب کا مطلب ہوتا ہے ’محبت کرنے والا‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ وہ اس سے آگے مذکورہ معاملے پر کچھ نہیں کہیں گے۔

اداکار کے مبہم جواب پر میزبان نے ان سے ایک بار پھر اسی طرح ذو معنی جملوں میں سوال کیا کہ ’آمنا شیخ سے طلاق کے بعد ’صنم‘ کے ساتھ زندگی گزارنا کیسا رہا، کیوں کہ ’صنم‘ بھی ایسے ہی مرحلے سے گزر چکی ہے۔

محب مرزا کی پہلی شادی آمنا شیخ سے ہوئی تھی جو طلاق پر ختم ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام
محب مرزا کی پہلی شادی آمنا شیخ سے ہوئی تھی جو طلاق پر ختم ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام

میزبان کے سوال پر محب مرزا نے ایک بار پھر مبہم جواب دیا اور اعتراف کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دوسری بار تعلقات بڑھانے کے وقت انسان کئی بار سوچتا ہے اور اس کے لیے کوئی بھی فیصلہ کرنا آسان نہیں ہوتا۔

اداکار نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنی غلطیوں سے سیکھ کر کچھ بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ پوڈ کاسٹ میں جہاں محب مرزا نے مبہم جوابات دیے، وہیں میزبان نے بھی اداکار سے مبہم سوالات کیے اور ’صنم سعید‘ کا نام لیے بغیر ’صنم‘ کا نام لیا۔

تاہم مذکورہ پوڈ کاسٹ کی ویڈیو کلپس وائرل ہونے کے بعد ایک بار پھر محب مرزا اور صنم سعید کی شادی کی چہ مگوئیاں زوروں پر ہیں۔

افواہوں کے باوجود دونوں نے آج تک شادی کی تردید یا تصدیق نہیں کی—فوٹو: انسٹاگرام
افواہوں کے باوجود دونوں نے آج تک شادی کی تردید یا تصدیق نہیں کی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024