• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمیر جسوال اب ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں شعیب اختر نہیں بنیں گے

شائع January 5, 2023
اداکار نے تصدیق کی کہ وہ منصوبے سے الگ ہوچکے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے تصدیق کی کہ وہ منصوبے سے الگ ہوچکے—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار، اداکار و ماڈل عمیر جسوال نے تصدیق کی ہے کہ اب وہ آنے والی بائیوگرافی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کردار ادا نہیں کریں گے۔

عمیر جسوال نے انسٹاگرام پر ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں اپنی جاری کردہ پہلی جھلک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ اب وہ مزید فلم کا حصہ نہیں رہے۔

انہوں نے اپنی مختصر مگر واضح پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنی ذاتی مصروفیات اور کچھ تخلیقی کاموں کی وجہ سے ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے منصوبے سے الگ ہوئے۔

عمیر جسوال نے لکھا کہ اب وہ مزید ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کا نہ تو حصہ ہیں اور نہ ہی وہ مذکورہ فلم کی تشہیری مہم میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں فلم کی ٹیم اور ان کی جگہ کاسٹ کیے گئے اداکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اگرچہ عمیر جسوال نے بتایا کہ وہ کچھ تخلیقی کاموں اور ذاتی مصروفیات کی وجہ سے منصوبے سے الگ ہوئے، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

ان کی پوسٹ پر ان کے بھائی گلوکار یاسر جسوال اور اہلیہ ثنا جاوید نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسی طرح ان کے مداحوں نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ اب ان کی جگہ جس بھی اداکار کو کاسٹ کیا گیا ہوگا، وہ کردار کے لیے مناسب نہیں ہوگا۔

اگرچہ عمیر جسوال نے ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں اب شعیب اختر نہ بننے کی تصدیق کردی، تاہم فلم کی ٹیم نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

عمیر جسوال نے نومبر 2022 میں اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی تھی کہ وہ فلم میں شعیب اختر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی دیگر کاسٹ میں اور کون سے اداکار شامل ہوں گے، تاہم فلم کی ٹیم کے مطابق ابھی متعدد اداکاروں کے لیے آڈیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

فلم کی ٹیم نے تاحال ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی کہانی سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی مگر خیال کیا جا رہا ہےکہ فلم میں شعیب اختر کے یادگار کرکٹ میچز بھی دکھائے جائیں گے، جس وجہ سے فلم میں دیگر کرکٹرز کے کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔

امکان ہے کہ فلم میں شعیب اختر کے تمام تنازعات اور اسکینڈلز کو دکھایا جائے گا، جس کی وجہ سے فلم میں کئی نامور کرداروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کو آئندہ سال تک ریلیز کردیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اس میں شعیب اختر سمیت کچھ نامور کھلاڑیوں کو حقیقی طور پر بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سابق کرکٹر شعیب اختر نے جولائی 2022 میں بتایا تھا کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں وہ باتیں اور انکشافات شامل ہوں گے جو کہ آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔

کرکٹر نے بتایا تھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی بائیوگرافی فلم میں سب راز سامنے آجائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024