• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 319 رنز کا ہدف، 2 بلے باز صفر پر آؤٹ

شائع January 5, 2023
نیوزی لینڈ کے بریسویل نے آؤٹ ہوئے بغیر 74 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو:رائٹرز
نیوزی لینڈ کے بریسویل نے آؤٹ ہوئے بغیر 74 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو:رائٹرز
نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے 62 رنز کی اننگز کھیلی — فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے 62 رنز کی اننگز کھیلی — فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ نے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز 5 وکٹوں پر 277 رنز بنا کر ڈیکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دے دیا جبکہ میزبان ٹیم کے دو بلے باز صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 407 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ابرار احمد اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے۔

نیوزی لینڈ کو پاکستان کی اننگز کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے سے 408 رنز پر پویلین لوٹ گئی، سعود شکیل 17 چوکوں سے مزین 125 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل اور اش سودھی 3، 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

نیوزی لینڈ نے میچ کی پہلی اننگز میں 41 رنز کی برتری حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں میر حمزہ نے ڈیون کونوے کو کھاتا کھولنے کا موقع دیے بغیر ہی چلتا کردیا۔

اس کے بعد ٹام لیتھم کا ساتھ دینے کین ولیمسن آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر نسیم شاہ نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے 62 رنز بنانے والے لیتھم کو چلتا کردیا۔

تاہم نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 114 کے ہی مجموعے پر ابرار احمد نے ولیمسن کی 41 رنز کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

نئے بلے باز ہنری نکولس بھی کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور حسن علی نے انہیں محض 5 رنز پر آؤٹ کر کے ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔

نیوزی لینڈ نے میچ کے چوتھے دن چائے کے وقفے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے تھے اور اسے میچ میں مجموعی طور پر 192 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

ٹام بلینڈل نے مائیکل بریسویل کے ساتھ شراکت میں اسکور 255 رنز تک پہنچایا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

آغاسلمان نے بلینڈل کو امام الحق کے ہاتھوں کیچ کرایا اور دوسری اننگز میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کو مشکل صورت حال سے نکال کر آؤٹ ہونے والے بلینڈل نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

مائیکل بریسویل نے ڈیرل مچل کے ساتھ چھٹی وکٹ میں اسکور 277 رنز پر پہنچایا تو مجموعی برتری 318 رنز کی ہوگئی اور کیوی کپتان نے یہی پر اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔

بریسویل نے آؤٹ ہوئے بغیر 74 اور ڈیرل مچل نے 6 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، میر حمزہ، حسن علی، ابرار احمد اور آغاسلمان نے ایک،ایک وکٹ حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ نے 277 رنز پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کردی اور یوں پہلی اننگز کے 42 رنز کے ساتھ مجموعی برتری 318 رنز ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیوزی لینڈ نے 318 رنز کا دفاع تباہ کن انداز میں کیا اور پاکستان کی دو وکٹیں صفر پر گرادیں۔

کیوی کپتان ٹم ساؤدھی نے عبداللہ شفیق کو دوسری گیند پر بولڈ کردیا اور ٹیم کو زبردست کامیابی دلائی۔

پاکستان نے دوسری اننگز میں ابھی اپنا کھاتہ کھولا بھی نہیں تھا کہ اش سودی نے نائٹ واچ مین کے طور پر بیٹنگ کے لیے آنے والے میرحمزہ کو بولڈ کرکے دوسری وکٹ گرادی۔

کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے صفر پر 2 وکٹیں گنوائیں اور جیت کے لیے 319 رنز درکار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024