• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بڑے بھائی نے گریبان سے پکڑ کر فرش پر گرا دیا تھا، شہزادہ ہیری کا نئی کتاب میں انکشاف

شائع January 5, 2023
شہزادہ ہیری نے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ادارہ نہیں بلکہ ایک خاندان چاہتے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز
شہزادہ ہیری نے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ادارہ نہیں بلکہ ایک خاندان چاہتے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز

برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ 2019 میں ان کے بڑے بھائی شہزاہ ولیم نے ان پر حملہ کرتے ہوئے گریبان پکڑا اور انہیں فرش پر گرا دیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہیری کی نئی کتاب ’اسپیر‘ رواں ماہ جاری ہوگی۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ نے کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 38 سالہ شہزاہ ہیری کا کہنا تھا کہ لندن کے اپنے گھر کے باورچی خانے میں بڑے بھائی ولیم کے ساتھ کسی بات پر مداخلت ہوئی جس کے بعد ولیم نے میری اہلیہ میگھن مارکل کو پیچیدہ اور بدتمیز کہا جس کے بعد ہماری بحث ہوئی اور پھر میرے بڑے بھائی نے مجھے فرش پر گرا دیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ولیم نے میرا گریبان پکڑا اور میرے گلے میں پہنا ہوا ہار توڑ دیا جس کے بعد انہوں نے مجھے فرش پر گرایا۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق اپنی نئی کتاب میں انہوں نے کہا کہ فرش پر رکھے پیالے کے ٹکڑے میری کمر پر لگے جس کی وجہ سے میری کمر پر زخم کے نشانات آگئے۔

بعد ازاں ہیری نے اپنے بھائی کو وہاں سے جانے کا کہا جس کے بعد ولیم اپنے عمل پر افسردہ اور معذرت خواہ نظر آرہے تھے۔

کتاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ’بعد ازاں ولیم میرے پاس آئے اور کہا کہ میگھن کو اس بارے میں کچھ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ’

ہیری نے جواب دیا کہ ’تمہارا مطلب جو تم نے مجھ پر حملہ کیا ہے؟‘ جس پر شہزاہ ولیم نے جواب دیا کہ ’میں نے تم پر حملہ نہیں کیا‘۔

فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی

ہیری کی کتاب میں دونوں بھائیوں کے درمیان حالیہ تنازع کا انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب ان کے والد شہزادہ چارلس اپنی والدہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے گزشتہ برس ستمبر میں 96 سال کی عمر میں انتقال کے بعد رواں سال مئی میں تاجپوشی کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس سے قبل ہیری اور ان کی اہلیہ 41 سالہ میگھن مارکن نے نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری میں برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ ہونے والے تجربات کا ذکر کیا تھا اور ساتھ ہی مارچ 2020 میں شاہی حیثیت سے دستبردار ہوکر عام افراد کی طرح زندگی گزارنے کے لیے امریکا منتقل ہونے کی بھی وجوہات بتائی تھیں۔

ڈاکیومنٹری میں اس جوڑے کے شاہی خاندان، میڈیا اور عوام سے مشکل تعلق کی بات ہوئی تھی۔

شہزادہ ہیری ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ وہ ادارہ نہیں بلکہ ایک خاندان چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے والد اور بھائی کو واپس لانا چاہتے ہیں۔

شہزادہ ہیری کا برطانیہ کے ’آئی ٹی وی‘ چینل کے ساتھ انٹرویو رواں ہفتے نشر ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024