• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

آرمی چیف کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، عسکری تعاون پر تبادلۂ خیال

شائع January 5, 2023
دونوں شخصیات نے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا — فوٹو: ٹوئٹر/پرنس سلمان
دونوں شخصیات نے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا — فوٹو: ٹوئٹر/پرنس سلمان

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف آج صبح سعودی عرب پہنچے جہاں شہزادہ خالد بن سلمان نے اُن کا استقبال کیا۔

ملاقات کے آغاز پر سعودی وزیر دفاع نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کے عہدے پر تعیناتی کی مبارکباد دی۔

رپورٹ کے مطابق دونوں شخصیات نے ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پائیداری پر زور دیا۔

انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور کے ساتھ ساتھ عسکری اور دفاعی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی اظہار خیال کیا۔

دریں اثنا آج ایک ٹوئٹ میں شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ وہ پاکستان کے آرمی چیف سے مل کر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا، دوطرفہ عسکری اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا اور اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر گفتگو کی‘۔

قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ جنرل عاصم منیر 4 جنوری سے 10 جنوری تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔

آئی اسی پی آر کے مطابق ’آرمی چیف دونوں برادر ممالک کی سینئر قیادت سے ملاقات کریں گے تاکہ باہمی دلچسپی کے امور، عسکری تعاون اور سیکیورٹی امور پر مرکوز دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی جاسکے۔

واضح رہے کہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر کا یہ پہلا بیرون ملک سرکاری دورہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024