• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

وائٹ پیپر کارکردگی کا جاری کریں، آپ کے کالے کرتوت سامنے آجائیں گے، مریم اورنگزیب

شائع January 3, 2023 اپ ڈیٹ January 4, 2023
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جتنی آپ کے خلاف آڈیو لیکس آئی ہیں، ان سب پر وائٹ پیپر جاری کریں — فوٹو: ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جتنی آپ کے خلاف آڈیو لیکس آئی ہیں، ان سب پر وائٹ پیپر جاری کریں — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وائٹ پیپر اپنی چار سالہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جاری کریں تو آپ کے کالے کرتوت پاکستانی عوام کے سامنے آجائیں گی۔

مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج معیشت پر وائٹ پیپر ان لوگوں نے جاری کیا ہے جنہوں نے پاکستان کے عوام اور معیشت کو تباہ کیا، وہ کالے کرتوتوں والے، کالا جادو کرنے والے مسٹر اینڈ مسز جنہوں نے ملک کو معاشی دیوالیے پر پہنچایا، آپ کو وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم نہیں آئی؟

ان کا کہنا تھا کہ آج اس وائٹ پیپر میں سب سے پہلے عوام سے معافی مانگتے، عوام کو 2013 سے 2018 کے درمیان ہنستا بستا، معاشی ترقی کرتا، تاریخ کی کم ترین سطح پر مہنگائی والا پاکستان، ترقی کرتے ملک کو اجاڑ کر رکھ دیا، ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ وہ وائٹ پیپر پاکستان کے عوام کو دیتے کہ مجھے کس طرح کا ملک ملا تھا، وائٹ پیپرز آپ کی کالی کرتوتوں کو سفید نہیں کر سکتے، کوئی وائٹ پیپر آپ کی معاشی تباہی کو سفید نہیں کرسکتا، کوئی وائٹ پیپر آپ کی کرپشن اور چوری کو ملک کی معاشی تباہی کو وائٹ نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2018 میں ملک مسلم لیگ (ن) عمران خان کو دے کر گئی تھی، وہ 6.1 فیصد پر ترقی کر رہا تھا، اس میں تاریخ کی کم ترین سطح کی مہنگائی تھی، ملک میں سی پیک کے منصوبے کامیاب ہو کر چل رہے تھے، نواز شریف 14 ہزار میگاواٹ بجلی بنا کر دے کر گیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں مہنگائی 3.8 فیصد پر تھی، دہشت گردی کی کمر توڑ کر پاکستان کو پُرامن، خوشحال اور ترقی کرتا ملک دے کر گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائٹ پیپر میں یہ بھی بتاتے کہ 2018 میں 35 روپے کلو آٹا تھا اور 52 روپے کلو چینی تھی، یہ بھی ملک کو بتاتے کہ 2018 میں گیس، بجلی کی قلت ختم، کھپت سے زیادہ بجلی کی پیدوار آپ کو دے کر گئے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 کے بعد مئی 2022 کا وائٹ پیپر وہ کون جاری کرے گا، جس میں تاریخی 45 ہزار ارب کے قرضے لیے گئے، وہ عوام کو کون بتائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ عوام کو کیسے بتائیں گے کہ بجلی کا یونٹ 11 روپے سے 26 روپے یونٹ کر دیا تھا، کیا یہ اس وائٹ پیپر میں درج ہے، جو آج آپ نے جاری کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کس طرح بتائیں گے کہ سی پیک کے منصوبے جو نواز شریف کے لگائے ہوئے تھے وہ آپ نے بند کر دیے، کس طرح بتائیں گے کہ کوئی ایسا ملک نہیں تھا کہ جو آپ کے ساتھ راضی تھا، چاہے وہ چین یا ترکی کے سرمایہ کار ہوں، جو غیر ملکی سرمایہ کار جو ملک کے منصوبوں میں پیسہ لگاتے ہیں، آپ نے ان کو نیب کی نذر کر دیا، آپ کو وائٹ پیپر چھاپتے ہوئے ذرا بھی شرم نہیں آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ آپ کے وائٹ پیپر آپ کے کالے اعمال اور کالی ذہنیت پر پردہ ڈال دیں گے؟ پاکستان کے عوام کو بتائیں کہ 2018 سے 2022 کے درمیان اس ملک میں دہشت گردی واپس آئی، خیبرپختونخوا میں 9 سال سے آپ کی حکومت ہے، دہشت گردی کے اوپر، انسداد دہشت گردی کے محکمے جو بن نہیں سکے ان کا وائٹ پیپر کون جاری کرے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو وائٹ پیپر میں درج کرنا پڑے گا کہ آپ نے کشمیر کا سودا کیا، آپ نے معیشت کو تباہ کیا، خوشحال، ہنستے بستے پاکستان کو آپ نے اجاڑا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک کا وائٹ پیپر جاری کریں کہ جو ملک 6.1 فیصد پر ترقی کررہا تھا، اس کے تمام منصوبے آپ نے بند کر دیے تھے، معاشی تباہی اُن چار سالوں میں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائٹ پیپر جاری کریں کہ ہم کشمیر کا سودا کرنے میں مصروف تھے، ملک میں مہنگائی برپا کرنے میں مصروف تھے، ملک کے تاریخی قرضے لینے میں مصروف تھے، پانچ کیرٹ کے ہیرے جمع کرنے میں مصروف تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک وائٹ پیپر خیبر پختونخوا میں اپنے 10 سال کے کرتوتوں کا جاری کریں، ایک وائٹ پیپر چار سالہ وفاقی اور پنجاب کی حکومت کی کارکردگی کا جاری کریں تو آپ کی کالی کرتوتیں پاکستان کے عوام کے سامنے آجائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بوجھل دل کے ساتھ ملک کی معیشت کو بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جتنی آپ کے خلاف آڈیو لیکس آئی ہیں، ان سب پر وائٹ پیپر جاری کریں، پاکستان کے عوام کو بتائیں کہ آپ 4 سال کیا کالے کرتوت کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وائٹ پیپر نہیں، یہ آپ کا کالا اعمال نامہ ہے، جو پاکستان کے عوام کے سامنے ہے، اگر چولہے میں گیس نہیں آتی تو وہ آپ کے خلاف وائٹ پیپر ہے، عوام کو مہنگی بجلی میسر ہے تو وہ آپ کے خلاف وائٹ پیپر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024