• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ڈپارٹمنٹس، ریجنز، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز باضابطہ طور پر بحال

شائع January 2, 2023
پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نے ریجنل ایسوسی ایشز کی بحالی کی منظوری دےدی—فائل/فوٹو:پی سی بی
پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نے ریجنل ایسوسی ایشز کی بحالی کی منظوری دےدی—فائل/فوٹو:پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بورڈ کے 2014 کے آئین کے تحت ڈپارٹمنٹس، ریجنز اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی بحالی کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی۔

پی سی بی سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے 2014 کے آئین کے تحت ریجنز کی بحالی کی منظوری دے دی ہے لہٰذا اب قائداعظم ٹرافی میں 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز حصہ لیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ اگست سے شروع ہونے والے سیزن 2023-24 میں شامل پیٹرنز ٹرافی میں 8 ڈپارٹمنٹس حصہ لیں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں شریک ریجنل اور ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کے لیے گریڈ ٹو کے 50 اور 20 اوورز کے ٹورنامنٹس بھی منعقد کروائے جائیں گے۔

اس سے قبل 2019 کے پی سی بی آئین میں ڈپارٹمنٹس، ریجنز اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو 6 کرکٹ اور 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کر دیا گیا تھا تاہم پی سی بی کی موجودہ انتظامی کمیٹی نے دسمبر 2022 میں مذکورہ آئین کو منسوخ کر دیا۔

پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہیں پی سی بی کے آئین 2014 کے تحت کرکٹ ایسوسی ایشنز کی باقاعدہ بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پرعزم ہیں کہ اب تمام کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں اور منصفانہ مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ کھیل میں اپنا کیریئر بنا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اسی وقت ممکن تھا کہ جب وہ اپنی کرکٹ کے دائرے کو وسعت دیں جو کہ بدقسمتی سے 2019 میں کرکٹرز اور ٹیموں کی ایک قلیل تعداد تک محدود کردیا گیا تھا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اس نکتہ نظر نے نہ صرف سینکڑوں کرکٹرز کی روزی روٹی کو متاثر کیا بلکہ اس کے نتیجے میں ٹیلنٹ سامنے آنے میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں بین الاقوامی میدان میں ہماری ٹیموں کے معیار، کارکردگی اور درجہ بندی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہین۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ پچھلے 4 سیزنز کی غلط پالیسیوں کو کالعدم نہیں کر سکتے لیکن وہ یہ ضرور کرسکتے ہیں کہ وہ اپنے آزمائے ہوئے یا آزمائے گئے اور ایک کامیاب کرکٹ ڈھانچے کی طرف تیزی سے واپس جائیں تاکہ کھیل اور کرکٹرز ترقی کر سکیں۔

نجم سیٹھی نے پی سی بی کے 2014 کے آئین کی بحالی کے حوالے سے کہا کہ وہ اس حوالے سے مثبت پیش رفت کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024