• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس: دہشت گردی پھیلانے والوں سے پوری طاقت کے ساتھ نمٹنے کا اعادہ

شائع January 2, 2023 اپ ڈیٹ January 3, 2023
— فوٹو: وزیر اعطم ہاؤس
— فوٹو: وزیر اعطم ہاؤس

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان میں دہشت گردی کو برداشت نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کشیدگی پھیلانے والوں یا تمام تنظیموں سے پوری طاقت کے ساتھ نمٹنے کا عزم دہرایا گیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے بعد وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 40واں اجلاس منعقد ہوا ، جس میں متعلقہ وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سروسز چیفس اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ’قومی سلامتی‘ کا تصور معاشی سلامتی کے گردگھومتا ہے اور یہ کہ معاشی خودانحصاری یا خودمختاری کے بغیر قومی خودمختاری اور وقار پر دباﺅ آتا ہے۔

اجلاس کے بارے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں ملک کی معاشی صورت حال اور ان چیلنجز کا جامع انداز میں جائزہ لیا گیا جس کا خاص طور پر پاکستان کے کم آمدنی اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کو سامنا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اجلاس کو معاشی استحکام کے روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں عالمی مالیاتی اداروں سے مذاکرات کا اسٹیٹس بھی شامل ہے، اس کے ساتھ ساتھ باہمی مفادات پر مبنی دیگر مالیاتی ذرائع تلاش کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی نے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا ہے، جس میں درآمدات کی ریشنلائزیشن اور کرنسی کے غیر قانونی انخلا اور ہنڈی حوالے کو روکنا شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خاص طور پر زرعی اور صنعتی پیداوار بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ خوراک کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

اس کے علاوہ متبادل درآمد اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

مزید اتفاق کیا گیا کہ ایسی عوام دوست پالیسیاں بنانا ترجیح ہوگی جن کا فائدہ عام آدمی کو منتقل ہو گا۔

مزید بتایا گیا کہ مؤثر اور تیز رفتار اقتصادی بحالی اور روڈ میپ کے حصول کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی کوشش کے حوالے سے بتایا گیا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر صوبائی حکومتوں اور کثیر الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو پر اتفاق کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سلامتی کمیٹی اجلاس میں وزیر اعظم اور وفاقی اکائیوں کی قیادت میں جاری امدادی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی کو ملک کی سیکیورٹی کی صورت حال اور خاص کر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے لیے سماجی اقتصادی ترقی اور نیشنل انٹرنل سیکیورٹی پالیسی کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی سرپرستی کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج بھرپور، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کریں گی۔

’کسی ملک کو دہشت گردوں کے لیے پناہ گاہ فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی‘

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کسی بھی ملک کو دہشت گردوں کے لیے کوئی پناہ گاہ یا سہولت فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پاکستان اس حوالے سے اپنے شہریوں کی حفاظت کے تمام حقوق محفوظ رکھتا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی میں پاکستان میں دہشت گردی کو برداشت نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور کشیدگی پھیلانے والوں یا تمام تنظیموں سے نمٹنے کا عزم دہرایا گیا۔

دہشت گردی کے حوالے سے اجلاس میں کہا گیا کہ اس سے پوری طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا اور پاکستان کے ہر کونے میں ریاست کی مکمل عمل داری قائم کی جائے گی۔

سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اپیکس کمیٹیوں کو بھی بحال کر دیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں خاص طور پر محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوبہ صلاحیت کے ساتھ لڑنے کے معیار میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جمعے کو ہونے والے اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے دہشت گردی کو بھرپور قوت سے بلاتفریق ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا اور اجلاس پیر تک مؤخر کردیا تھا تاکہ تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلوں کو حتمی شکل دی جاسکے۔

قومی سلامتی کمیٹی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی سے متعلق فیصلہ سازی کا اہم ترین فورم ہے، اس کے اجلاس میں سینئر سویلین اور فوجی قیادت شریک تھی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا دوسرے دور تک جاری رہنا کافی غیر معمولی ہے، اس لیے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ نہ صرف دہشت گردی سے نمٹنے بلکہ ملک کی تباہ حال معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھی فیصلے کیے جائیں گے۔

حکومت کے ذرائع نے بتایا تھا کہ سول اور فوجی قیادت نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار پاکستان 2001 میں شروع ہونے والی دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے بعد امن حاصل کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دے گی کیونکہ یہ امن ہزاروں پاکستانی شہریوں کی قربانی کی بدولت حاصل کیا گیا ہے۔

گزشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں امن و امان کی صورت حال مزید خراب ہوئی ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان، داعش اور گل بہادر گروپ جیسے دہشت گرد گروہ پورے ملک میں بے دریغ حملے کر رہے ہیں۔

بلوچستان میں باغیوں نے بھی اپنی پرتشدد سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ گٹھ جوڑ قائم کرلیا ہے۔

بنوں میں خیبرپختونخوا پولیس کے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے تفتیشی مرکز میں پیش آنے والے واقعے اور اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی کوشش نے ناصرف ایوان اقتدار میں خطرے کی گھنٹی بجائی بلکہ کئی ممالک کو اپنے شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے فکرمند بھی کردیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ali Jan 03, 2023 02:24am
مسلح افواج بھرپور، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کریں گی۔یہ کمیٹی کا چالیسواں اجلاس ہے اور ہر بار یہی بیاں دیا جاتا ہے اور عزم کا اظہار کیا جاتا ہے مگر بعد میں جو ہوتا ہے۔۔۔۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024