• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

رکن قومی اسمبلی جعفر خان لغاری لاہور میں انتقال کر گئے

شائع January 1, 2023
عمران خان نے جعفر خان لغاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان کی رحلت کے بارے میں جان کر رنجیدہ ہوں—فوٹو:ٹوئٹر
عمران خان نے جعفر خان لغاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان کی رحلت کے بارے میں جان کر رنجیدہ ہوں—فوٹو:ٹوئٹر

ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور لغاری قبیلے کے بزرگ سردار محمد جعفر خان لغاری لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چھوٹی زائرین کے علاقے میں مقامی لوگوں میں مقبول شخصیت جعفر خان لغاری 23 جون 1942 کو سردار عطا محمد لغاری اور مغربی ملک سے تعلق رکھنے والی ان کی اہلیہ کے گھر پیدا ہوئے، انہوں نے ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد سے ایگریکلچر کی ڈگری حاصل کی۔

جعفر خان خان لغاری نے اپنی پوری زندگی چھوٹی زیرین قصبے کے مرکز میں واقع نوآبادیاتی نظام کے رائج ہونے سے قبل کے تعمیر کردہ ایک تاریخی قلعے میں گزاری۔

لغاری قبیلے کی سماجی و سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ عام آدمی اور ضرورت مند لوگ بھی اپنے مسائل کے حل کے لیے جعفر خان لغاری تک باآسانی پہنچ سکتے تھے اور ان سے رابطہ کرسکتے تھے۔

انہوں نے اپنی عملی سیاسی زندگی کا آغاز 1970 میں کیا اور راجن پور ضلع کونسل کے چیئرمین منتخب ہوئے، وہ 2 مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 6 بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

ان کے پسماندگان میں بیوہ سابق ایم این اے ڈاکٹر مینا جعفر لغاری اور بیٹی فاطمہ لغاری شامل ہیں۔

وہ سابق صدر پاکستان فاروق احمد خان لغاری کے کزن تھے، وہ لغاری قبیلے کے موجودہ سربراہ جمال خان لغاری، سابق وفاقی وزیر اویس لغاری اور صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کے چچا تھے۔

ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر چھوٹی زائرین میں ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے سردار محمد جعفر خان لغاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرحوم ایم این اے کی سماجی و سیاسی خدمات کو سراہا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی جعفر خان لغاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت کے بارے میں جان کر رنجیدہ ہوں، ان سےگزشتہ 4 دہائیوں سےرفاقت تھی، بدقسمتی سے نہایت مزاحمت کےباوجود وہ سرطان (کینسر) کو شکست نہ دے سکے۔

ٹوئٹر پر جاری اینے بیان میں عمران خان نے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، رب العزت انہیں اس صدمے کا بوجھ اٹھانے کی قوت دے اور صبرِجمیل عطا فرمائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024