• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

شائع January 1, 2023
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی موجودہ الیکشن کمیشن کے زیرانتظام انتخابات میں حصہ لے گی—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی موجودہ الیکشن کمیشن کے زیرانتظام انتخابات میں حصہ لے گی—فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اطلاعات اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر چیف الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن وفاقی حکومت کا ذیلی ادارہ بن چکا ہے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور چیف الیکشن کمشنر دونوں نے آئین اور عدالتی نظام پر سنگین حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی ریفرنس دائر کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی موجودہ الیکشن کمیشن کے زیرانتظام انتخابات میں ضرور حصہ لے گی، پی ٹی آئی 2 ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لے چکی ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے باوجود حکمران اتحاد کو شکست بھی دی تھی۔

ملک کی سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکمرانوں اور مقتدر حلقوں کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہی نہیں بلایا گیا جن کا صوبہ دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی منگل (3 جنوری) کو معیشت جبکہ جمعرات (5 جنوری) کو انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر وائٹ پیپر جاری کرے گی۔

پیپلزپارٹی رہنماؤں پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام، ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ

فواد چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل میمن اور ناصر حسین شاہ پر الزام عائد کیا کہ وہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے لیے اعتماد کے ووٹ سے قبل پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو رشوت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سے پی ٹی آئی مطالبہ کرے گی کہ وہ پیپلز پارٹی کے دونوں رہنماؤں کے خلاف پی ٹی آئی رہنما راشدہ بیگم اور فرحت فاروق کی جانب سے عائد الزامات کی روشنی میں ان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ فرحت فاروق اور راشدہ بیگم نے میڈیا پر آکر بتایا کہ پی پی پی رہنماؤں نے انہیں وزیر اعلٰی پنجاب کے لیے اعتماد پر ووٹنگ میں عدم شرکت کے عیوض رشوت کی پیشکش کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے بھی وزیر اعلیٰ انتخاب کے دوران پرویز الہٰی کو ووٹ نہ دینے پر رحیم یار خان سے اپنے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ مسعود کو نااہل قرار دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے تمام قانونی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو ہدایت دی ہے کہ وہ خواجہ مسعود کی باضابطہ نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024