• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بنوں: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں جوان شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

شائع December 31, 2022
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا جبکہ 4 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں خیرپور سے تعلق رکھنے والے 25 سالا سپاہی محمد وسیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں معصوم شہریوں کے قتل اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

مزید بتایا گیا کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے کہ 29 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے تھے جبکہ 2 دہشت گردوں کو بھی مارا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 29 دسمبر کو ضلع کرم کے علاقے اراولی کے شہری علاقے میں دہشت گردوں اور فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فوج کے جوان بہادری سے لڑے اور دہشت گردوں کو علاقے میں مؤثر انداز میں جواب دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے زیر قبضہ اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بدستور فعال تھے۔

یاد رہے کہ 25 دسمبر کو بلوچستان کے علاقےکاہان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری ’کلیئرنس آپریشن‘ کے دوران آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 24 دسمبر 2022 سے بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن جاری تھا، آپریشن کے دوران کارروائی میں مصروف ٹیم کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں کیپٹن فہد سمیت مادر وطن کے 5 سپوتوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں بہادری سے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کر کے جام شہادت نوش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024