• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

رونالڈو کا سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر سے 2025 تک معاہدہ

شائع December 31, 2022
سعودی فٹ بال کلب نے رونالڈو سے معاہدے کا اعلان کیا—فوٹو: النصر ایف سی ٹوئٹر
سعودی فٹ بال کلب نے رونالڈو سے معاہدے کا اعلان کیا—فوٹو: النصر ایف سی ٹوئٹر
سعودی فٹ بال کلب نے رونالڈو سے معاہدے کا اعلان کیا—فوٹو: النصر ایف سی ٹوئٹر
سعودی فٹ بال کلب نے رونالڈو سے معاہدے کا اعلان کیا—فوٹو: النصر ایف سی ٹوئٹر

پرتگال کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈونے سعودی عرب کے کلب النصر سے ڈھائی سال کے لیے معاہدہ کرلیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی فٹ بال کلب النصر نے اعلان کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے انگلینڈ کا فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد النصر سے ڈھائی سالہ معاہدہ کرلیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو گزشتہ ماہ اولڈ ٹریفورڈ چھوڑ گئے تھے اور کہا تھا کہ کلب کی جانب سے دھوکا دیا گیا اور نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے کوچ ان کے ساتھ احترام سے پیش نہیں آتے تھے۔

سعودی فٹ بال کلب النصر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 5 مرتبہ کے بیلن ڈی اور کھلاڑی نے 2025 تک معاہدہ کرکے کلب میں شمولیت کی ہے لیکن مالی حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کیں۔

رونالڈو کے معاہدے کے حوالے سے میڈیا کا خیال ہے کہ ان کا معاہدہ 20 کروڑ یورو (21 کروڑ 40 لاکھ ڈالر) میں ہوچکا ہے۔

کلب کے اعلان کے بعد رونالڈو نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے سب کچھ مل چکا ہے، میں نے یورپین فٹ بال میں کامیابی حاصل کی اور اب سمجھتا ہوں کہ یہ ایشیا میں تجربے حاصل کرنے کا بہتر موقع ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نئی ٹیم میں شمولیت کے لیے پرجوش ہوں تاکہ کلب کی کامیابی میں کردار ادا کروں‘۔

کرسٹیانورونالڈو اس سے قبل اسپین کے مشہور کلب ریال میڈرڈ کو 2009 سے 2018 کے دوران دو مرتبہ لالیگا، دو مرتبہ اسپینش کپ، 4 مرتبہ چمپیئنز لیگ اور 3 مرتبہ کلب ورلڈ کپ میں کامیابی دلائی۔

انہوں نے ریال میڈرڈ کے لیے ریکارڈ 451 گول کیے اور مجموعی طور پر 800 گول کر رکھے ہیں۔

رونالڈو نے اٹلی کے فٹ بال کلب یووئنٹس کے ساتھ 3 برس کا عرصہ گزارا اور اس دوران انہوں نے دو مرتبہ سیری اے اور ایک مرتبہ کوپا اٹالیا جیتنے کا اعزاز دلایا۔

بعد ازاں وہ ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کے مشہور کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپس آئے جہاں انہوں نے اپنے پہلے دور میں تین مرتبہ پریمیئرلیگ کا تاج سجایا تھا اور 3 مرتبہ ایف اے کپ، دو مرتبہ لیگ کپ، چمپیئنز لیگ اور کلب ورلڈ کپ جیتنے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے حال ہی میں قطر میں کھیلے گئے فٹ بال ورلڈ کپ میں پرتگال کی نمائندگی جہاں وہ گروپ ایچ میں گھانا کے خلاف ابتدائی میچ میں گول کرکے 5 ورلڈ کپ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

پرتگال کو ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں مراکش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ورلڈ کپ کا سفر تمام ہوا تھا۔

رونالڈو کا کہنا تھا کہ قطر ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوسکتا ہے کیونکہ 40 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور سعودی عرب کے کلب سے معاہدے سے قبل ہی ان کے کیریئر بارے میں باتیں کی جارہی تھیں اور اسی طرح لیونل میسی کے بارے میں بھی یہی خیال کیا جا رہا ہے۔

النصر فٹ بال کلب کے صدر مصلی المعمر کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ سے بڑھ کر ہو رہا ہے، یہ ایسا معاہدہ ہے، جو نہ صرف ہمارے کلب کے لیے عظیم تر کامیابی کا باعث ہوگا بلکہ ہماری لیگ، ہماری قوم اور ہمارے مستقبل کے لیے بھی سود مند ہوگا۔

سعودی پرو پریمیئر لیگ کے 9 ٹائٹل جیتنے والا سعودی عرب کے کلب کو توقع ہے کہ رونالڈو مزید ڈومیسٹک ٹائٹلز اور پہلی ایشین چمپیئنز لیگ جیتنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو رواں برس اپریل میں ایورٹن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی شکست کے بعد ردعمل دینے پر عائد دو میچوں کی پابندی کے باعث سعودی عرب کے کلب کے ابتدائی دو میچوں میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024