• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نئے سال کی آمد: وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان

شائع December 31, 2022
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال سیلاب متاثرین کی بحالی، ملک میں جمہوریت اور معیشت کی مضبوطی کا سال ہوگا— فوٹو: امتیاز علی
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال سیلاب متاثرین کی بحالی، ملک میں جمہوریت اور معیشت کی مضبوطی کا سال ہوگا— فوٹو: امتیاز علی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے نئے سال کی آمد کے موقع پر عائد کی گئی ڈبل سواری پر پابندی ختم کر دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرے نوجوان ڈبل سواری پر پابندی کے خاتمے کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ایک دوسرے کے احترام اور عزت کے ساتھ نئے سال کی خوب خوشیاں منائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کوئی بھی نوجوان ون ویلنگ یا اسلحے کی نمائش نہیں کرے گا، میرے نوجوان باشعور ہیں، اپنا اور دوسروں کی فیملیز کا احترام اور خیال رکھیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال سیلاب متاثرین کی بحالی، ملک میں جمہوریت اور معیشت کی مضبوطی کا سال ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز (30 دسمبر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی کی انتظامیہ نے نئے سال کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی خدشات اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر ایک رات کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی تھی۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ 31 دسمبر کی شام سے یکم جنوری تک شہر میں دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ زون نے شہریوں کے تحفظ کے لیے ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کرنے کے لیے خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پورے شہر میں نئے سال کی آمد پر جوش و جذبے کے ساتھ جشن منایا جائے گا۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق ڈی آئی جی نےکہا تھا کہ اس رات شہر کے متعدد علاقوں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کاروں اور موٹر سائیکلوں پر سی ویو کا رخ کرے گی، جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل ہوں گے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

’پیپلز پارٹی 2008 سے کراچی میں محنت اور لگن سے کام کررہی ہے‘

دوسری جانب، وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2008 سے کراچی میں محنت، لگن اور سچائی سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں دہشت گردی عروج پر تھی، 2008 میں زبردستی شہر بند کروایا جاتا تھا، ایسے حالات میں کوئی ترقی کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے امن و امان بحال کیا، پھر ترقیاتی کام شروع کیے، چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر شہر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب اسٹریٹ کرائم کا کچھ مسئلہ ہے تاہم اس کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے شہر میں بارش ہوتی تھی تو شہر ڈوب جاتا تھا، اب شہر میں بارش سے اربن فلڈنگ نہیں ہوتی۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی شہر اب پیپلز پارٹی کے حوالے ہے اور یہ پارٹی شہر کو سنبھال رہی ہے، ہم اس شہر کو ترقی، روزگار ، تعلیم، ثقافتی اور صنعتی ترقی دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024