• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

روبیا چوہدری نے خاموشی سے دوسری شادی کرلی

شائع December 29, 2022
اداکارہ کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و ماڈل روبیا چوہدری نے طلاق کی تصدیق کیے جانے کے دو سال بعد خاموشی سے دوسری شادی کرلی اور انہوں نے دوسری شادی کو محبت کو دوسرا موقع دینے کا نام دیا۔

روبیا چوہدری نے 29 دسمبر کو دلہا موسیقار عمیر ڈار کے ہمراہ نکاح کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی۔

اداکارہ نے پوسٹ میں واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کب نکاح یا شادی کی، تاہم انہوں نے 29 دسمبر کو تصویر شیئر کی۔

روبیا چوہدری نے نکاح سے متعلق مزید کوئی معلومات شیئر نہیں کی، البتہ دلہا عمیر ڈار کے ساتھ اپنی تصویر کو بہترین تصویر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے بلآخر محبت کو دوسرا موقع دے دیا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں شادی سے متعلق لکھا کہ انہوں نے نجی پروگرام میں شادی کی اور ساتھ ہی نیک خواہشات پر ساتھیوں اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

روبیا چوہدری کی شادی کی پوسٹ پر متعدد شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

روبیا چوہدری کی یہ دوسری شادی ہے، انہوں پہلی شادی بھی خاموشی سے 2016 میں موسیقار میکال حسن کے ساتھ کی تھی، ان کے دوسرے شوہر عمیر ڈار بھی موسیقار ہیں۔

روبیا چوہدری نے جس طرح پہلی شادی خاموشی سے کی تھی، اسی طرح انہوں نے شادی کے چار سال بعد دسمبر 2020 میں ایک پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے کافی عرصہ قبل خلع لے لی تھی۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اعتراف کیا تھا کہ ان کی شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ان کے شوہر سے اختلافات ہوگئے تھے، جس کے بعد انہوں نے طلاق لے لی تھی۔

روبیا چوہدری نے اس وقت طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ اگرچہ طلاق کوئی اچھی بات نہیں اور یہ درد ہر خاتون برداشت بھی نہیں کر سکتی تاہم وہ طلاق کے معاملے پر بات کرکے ایسی خواتین کی آواز بننا چاہتی ہیں جو اپنی شادیاں ناکام ہونے پر بھی کوئی بات نہیں کرسکتیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ طلاق کو ہمیشہ دکھ اور موت کی مانند نہ سمجھا جائے بلکہ اسے نئی زندگی، خوشیاں اور محبت تلاش کرنے کا دوسرا موقع سمجھا جانا چاہیے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ زندگی ایک بار ملتی ہے مگر محبت اور خوشیوں کو تلاش کرنے کے مواقع بار بار ملتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024