پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق، اسپیکر سے ملاقات طے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے لیے کئی بار کی تاخیر کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے قانون سازوں کی ملاقات جمعرات کو طے کرلی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی اسمبلی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’اسپیکر راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر سے رابطہ کرکے بتایا ہے کہ وہ اور ڈپٹی اسپیکر اپنے آفس میں صبح سے موجود ہیں اور تحریک انصاف کے اراکین کے منتظر ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت سے طے ہوا کہ پی ٹی آئی اراکین کا وفد کل صبح ساڑھے 11 بجے اسپیکر چیمبر میں ان سے ملاقات کرے گا۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر نے مزید کہا کہ ’یہ مناسب ہوگا کہ ملک کی بہتری اور بھلائی کے لیے تمام جماعتیں پارلیمنٹ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر یں، سیاست سب کا حق ہے مگر عوام کا مفاد سب سے اہم ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا‘۔
پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر اور اسپیکر راجا پرویز اشرف کے درمیان رواں ہفتے میں یہ دوسرا رابطہ ہے، اس سے قبل گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ نے پرویز اشرف کو فون کیا تھا جبکہ وہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے گڑھی خدابخش میں موجود تھے۔
عامر ڈوگر نے راجا پرویز اشرف سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کے 124 اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر بات کرنے کی درخواست کی تھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کو انہوں نے بتایا تھا کہ شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور دیگر رہنماؤں کا وفد آپ سے ملنے کا خواہاں ہے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے لاہور میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ آج پارٹی رہنماؤں نے راجا پرویز اشرف سے ملنے کی کوشش کی لیکن وہ موجود نہیں تھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی لاڑکانہ گئے ہوئے ہیں اور ہمیں اطلاع ملی ہے کہ وہ اس کے بعد آسٹریلیا جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد تحریک انصاف نے رواں برس اپریل میں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
بعدازاں 28 جولائی کو قومی اسمبلی کے اسپیکر نے تحریک انصاف کے صرف 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔
پی ٹی آئی نے یکم اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس قدم کو چیلنج کیا تھا، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے 6 ستمبر کو درخواست مسترد کردی تھی۔
اس کے بعد تحریک انصاف نے اسے مبہم، سرسری اور خلاف قانون قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور ہائی کورٹ کے فیصلے کو منسوخ کرنے کی درخواست کی۔
تاہم سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ ابھی تک نہیں آیا۔
دریں اثنا گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو لکھے گئے خط میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کہا تھا کہ راجا پرویز اشرف ایک بار پھر پی ٹی آئی کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے بلائیں گے۔
خط میں لکھا گیا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی متعلقہ ایم این ایز کو ایک بار پھر بلائیں گے کہ وہ اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے ایک، ایک کر کے تصدیق کر سکیں۔