• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسپیکر قومی اسمبلی اراکین کے استعفے منظور کرنے سے بھاگ رہے ہیں، فواد چوہدری

شائع December 27, 2022 اپ ڈیٹ December 28, 2022
فواد چوہدری نے کہا کہ میں اسپیکر کو بتانا چاہتا ہوں کہ استعفے دینا ہمارا آئینی حق ہے—فوٹو: اسکرین گریب
فواد چوہدری نے کہا کہ میں اسپیکر کو بتانا چاہتا ہوں کہ استعفے دینا ہمارا آئینی حق ہے—فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف پارٹی کے دیگر اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے سے بھاگ رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ملک عامر ڈوگر آج راجا پرویز اشرف سے ملاقات کرنے گئے مگر وہ نہیں ملے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک عامر کو بتایا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی لاڑکانہ گئے ہیں اور ہمیں یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اس کے بعد یہ آسٹریلیا جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور نہیں کیے گئے تو سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’میں اسپیکر کو بتانا چاہتا ہوں کہ استعفے دینا ہمارا آئینی حق ہے، راجا پرویز اشرف کو چاہیے کہ استعفی منظور کریں اور ملک گیر انتخابات کرائیں۔‘

انہوں نے کہا کہ جو حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کروانے کو تیار نہیں وہ عام انتخابات کیا کروائے گی۔

پی ٹی آئی وفد جلد راجا پرویز اشرف سے ملاقات کرے گا

دوسری جانب سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق راجا پرویز اشرف نے رابطہ کرنے پر ملک عامر ڈوگر کا خیرمقدم کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سے فون پر بات کی تھی اور ان سے ملاقات اور پارٹی استعفوں پر بات کرنے کے لیے وقت مانگا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاستدانوں کے درمیان بات چیت کے لیے ہمیشہ دروازے کھلے ہیں۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ایم این ایز کے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے آئین اور قومی اسمبلی کے رولز آف بزنس میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس طریقہ کار پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرپرسن شاہ محمود قریشی، سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد استعفوں کے معاملے پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

اے پی پی میں بتایا گیا کہ دونوں فریقین کے درمیان یہ طے ہوا کہ راجا پرویز اشرف کی گڑھی خدا بخش سے واپسی پر تحریک انصاف کا وفد ان سے ملاقات کرے گا۔

خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد تحریک انصاف نے رواں برس اپریل میں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بعدازاں 28 جولائی کو قومی اسمبلی کے اسپیکر نے تحریک انصاف کے صرف 11 اراکین قومی اسمبلی کے استفعی منظور کیے تھے۔

پی ٹی آئی نے یکم اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس قدم کو چیلنج کیا تھا، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے 6 ستمبر کو درخواست مسترد کردی تھی۔

اس کے بعد تحریک انصاف نے اسے مبہم، سرسری اور خلاف قانون قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، اور ہائی کورٹ کے فیصلے کو مسوخ کرنے کی درخواست کی۔

تاہم سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ ابھی تک نہیں آیا۔

دریں اثنا، گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو لکھے گئے خط میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہا تھا کہ راجا پرویز اشرف ایک بار پھر پی ٹی آئی کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے بلائیں گے۔

خط میں لکھا گیا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی متعلقہ ایم این ایز کو ایک بار پھر بلائیں گے کہ وہ اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے ایک ایک کر کے تصدیق کرسکیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024