• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارت کا چینی اور پاکستانی سرحدوں پر 120 بیلسٹک میزائل نصب کرنے کا منصوبہ

شائع December 27, 2022
پرالے مقامی سطح پر تیار کردہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والا ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل ہے— فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
پرالے مقامی سطح پر تیار کردہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والا ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل ہے— فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

چینی جارحیت پر اندرون ملک شدید تنقید کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ بھارت، چین اور پاکستان کے ساتھ اپنی سرحدوں پر 120 ٹیکٹیکل میزائل نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ ایک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں سامنے آیا ہے جس کے مطابق بھارت کی جانب سے یہ اقدام وزیر اعظم نریندر مودی پر مبینہ چینی جارحیت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے الزام اور اندرونِ ملک تنقید کے ردعمل میں سامنے آیا ہے، تاہم بھارتی حکومت نے اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے سے انکار کر دیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’مقامی سطح پر تیار کردہ ’پرالے‘ بیلسٹک میزائل کے اب تک صرف 2 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، بظاہر اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ یہ میزائل کم از کم 2 برس تک فعال نہیں ہوں گے کیونکہ بیلسٹک میزائل کے لیے موبائل پلیٹ فارم کی سپورٹ ہونا لازمی ہے‘۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت نے چین اور پاکستان کے ساتھ اپنی سرحدوں پر نصب کرنے کے لیے 120 پرالے میزائلوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ نے ایک دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’وزارت دفاع کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مسلح افواج کے لیے تقریباً 120 میزائلوں کے حصول اور انہیں سرحدوں پر نصب کرنے کی منظوری دی گئی‘۔

رپورٹ کے مطابق پرالے میزائل 500 کلومیٹر کی رینج تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور راستہ بدلنے کی صلاحیت کی بدولت انہیں فضا میں روکنا مشکل ہے۔

بنیادی طور پر پرالے مقامی سطح پر تیار کردہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والا ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل ہیں اور اکثر اس کا موازنہ روسی ’اسکندر‘ میزائل سے کیا جاتا ہے۔

رپورٹس میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ پرالے میزائل کی ساخت بھارت کے ایک اور بیلسٹک میزائل ’پرتھوی‘ پر مبنی ہے لیکن اسے روس کے اسکندر بیلسٹک میزائلوں سے تشبیہ دی جاتی ہے جو یوکرین کے خلاف جنگ میں بڑی تعداد میں نصب کیے گئے اور اپنی جنگی صلاحیت بھی ثابت کر چکے ہیں۔

بھارتی فوج کی جانب سے پرالے میزائل حاصل کرنے کا منصوبہ اس لیے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارتی وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام بھارتی فوج کے لیے راکٹ فورس تیار کرنے پر بات کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پرالے میزائل، بھارتی فوج کو بارڈر کے نزدیک نصب چینی انفرااسٹرکچر اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024