• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

گوادر: 3 ہزار سے زائد ماہی گیروں کو بوٹ انجن خریدنے کیلئے ڈھائی لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری

شائع December 26, 2022
بلوچستان کے محکمہ ماہی گیری کے ساتھ رجسٹرڈ تمام 3ہزار 291 ماہی گیروں کو بوٹ انجن خریدنے کے لیے فی کس ڈھائی لاکھ روپے تقسیم کیے جائیں گے—فوٹو: فائل فوٹو:ڈان نیوز
بلوچستان کے محکمہ ماہی گیری کے ساتھ رجسٹرڈ تمام 3ہزار 291 ماہی گیروں کو بوٹ انجن خریدنے کے لیے فی کس ڈھائی لاکھ روپے تقسیم کیے جائیں گے—فوٹو: فائل فوٹو:ڈان نیوز

حکومت نے گوادر کے 3 ہزار 291 غریب ماہی گیروں کے لیے کشتیوں کے انجن خریدنے کے لیے گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کو تقریباً 82 کروڑ 30 لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ فوری طور پر ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والے بوٹ انجن کی خریداری کے لیے فی کس کے حساب سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جی پی اے کو جاری کرے گی۔

یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کے 3 جون کو گوادر پورٹ کے دورے کے بعد کیا گیا جب کہ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ 3 ماہ کے اندر غریب ماہی گیروں کو 2 ہزار انجن فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم آفس نے وزارت بحری امور کو ہدایت کی تھی کہ وہ مستحق ماہی گیروں کو بوٹ انجنز کی مفت فراہمی کے لیے تمام دفتری امور مکمل کرے اور اس سلسلے میں میرٹ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

وزارت بحری امور نے منصوبہ بندی کمیشن کو 50 کروڑ روپے کی لاگت سے ماہی گیروں کو 2 ہزار انجن فراہم کرنے کے لیے پروجیکٹ کیس پر کارروائی کی جس پر ایک سال کے دوران عمل درآمد کیا جائے گا۔

بعد ازاں 6 جولائی کو وزیراعظم آفس میں منعقدہ گوادر انیشیٹو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بوٹس انجنوں کی تقسیم کے معیار کو حتمی شکل دینے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی۔

پلاننگ کمیشن کو بتایا گیا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے قومی اخبارات میں 6 جولائی، 17 اگست اور 13 اکتوبر کو 3 ٹینڈرز جاری کیے لیکن کسی بھی اشتہار پر مطلوبہ معیار کے مطابق مناسب جواب موصول نہیں ہوا نتیجتاً تمام ٹینڈرز کو ختم کرنا پڑا۔

23 نومبر کو وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت گوادر پروجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستحق ماہی گیروں کو بوٹس انجن خریدنے کے لیے نقد رقم کی منتقلی کے آپشن پر غور کیا جائے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جی پی اے ترجیحی بنیادوں پر تمام دفتری کارروائیاں مکمل کرے۔

وزارت بحری امور کی درخواست پر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گزشتہ ہفتے پلاننگ کمیشن کا فارم ون (پی سی ون) واپس لینے کی اجازت دی اور اسے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں بجٹ میں مختص 50 کروڑ روپے کی رقم واپس کرے۔

پلاننگ کمیشن کو دیگر ترقیاتی منصوبوں سے بچائے گئے 32 کروڑ 27 لاکھ روپے اضافی سرنڈر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، ای سی سی نے 82 کروڑ 28 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ کی رقم جاری کرنے کی منظوری دی جس کے تحت بلوچستان کے محکمہ ماہی گیری کے ساتھ رجسٹرڈ تمام 3ہزار 291 ماہی گیروں کو بوٹ انجن خریدنے کے لیے فی کس ڈھائی لاکھ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024