• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

خیبر پختونخوا حکومت اپنے فرائض سے دستبردار ہوچکی، انہیں مال بنانے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں، وزیر دفاع

شائع December 25, 2022
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے مخالفین سیاست کو جس لیول پر لے گئے ہیں، میں نے اس نچلی سطح پر سیاست نہیں دیکھی—فوٹو:ڈان نیوز
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے مخالفین سیاست کو جس لیول پر لے گئے ہیں، میں نے اس نچلی سطح پر سیاست نہیں دیکھی—فوٹو:ڈان نیوز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے جب کہ صوبائی حکومت اپنے فرائض سے دستبردار ہوچکی، انہیں مال بنانے کے علاوہ انہیں کوئی اور کام نہیں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کا جنم دن ہے، قوم کو مباردکباد پیش کرتا ہوں، مسیحی برادری کرسمس کا تہوار منارہی ہے، ان کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، سابق وزیر اعطم میاں محمد نواز شریف کا یوم پیدائش ہے، ان کے چاہنے والوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج سوشل میڈیا رابطہ کاری اور پیغام رسانی کا اہم ذریعہ ہے، سیاسی جنگ آج کل سوشل میڈیا پر لڑی جا رہی ہے، ہم نے اس پلیٹ فارم پر اپنا مؤقف پیش کرنا ہے لیکن ساسی مخالفین کو بھی عزت و احترام سے مہذب انداز میں سیاسی زبان میں جواب دینا ہے، میرے قائد نے کبھی اپنے مخالفین کے لیے بھی نا زیبا زبان استعمال نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا بعض اوقات یہ خواہش ہوتی ہے کہ سوشل میڈیا پر مخالفین کو ان کی ہی زبان میں جواب دیا جائے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، مسلم لیگ (ن) پاکستان بنانے والی اور اس کی ترقی کی ضامن جماعت ہے، یہ جماعت قائد اعظم محمد علی جناح اور عظیم رہنماؤں کی روایات کی امین ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے مخالفین سیاست کو جس لیول پر لے گئے ہیں، میں نے اس نچلی سطح پر سیاست نہیں دیکھی، ہماری ذمے داری ہے کہ سیاست کو دوبارہ اس مقام پر لے کر آئیں جہاں نوجوانوں کی سیاسی تربیت ہوسکے، ہمیں سوشل میڈیا پر ایسی زبان استعمال کرنی ہے جب لوگ ہمارا پیغام پڑھیں تو انہیں احساس ہو کہ ہم اپنے مخالفین سے مختلف ہیں، ہم گالی گلوچ اور گھٹیا زبان استعمال کرنے والی نسل نہیں ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے مخالفین نے اپنے دور حکومت میں سیاسی انتقام کی تمام حدیں عبور کیں، مریم نواز کو نواز شریف کے سامنے جیل میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ان سے ملاقات کرنے گئی ہوئی تھیں، اس کے باوجود نواز شریف نے مخالفین کے لیے کوئی ایسی زبان استعمال نہیں کی جس سے بدلے کی بو آتی ہو۔

وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف نے صبر کیا اور کہا کہ میں اپنے معاملات اللہ پر چھوڑتا ہوں، جب انہوں نے اپنے معاملات اس کے سپرد کیے تو آج ان کا چھوٹا بھائی وزیر اعظم ہے، جب ہم قید میں تھے تو رہائی بھی مشکل لگتی تھی، وزیر بننا، وزیراعظم بننا تو ہماری سوچ میں بھی نہیں تھا، یہ ہمارے قائد کے صبر کا پھل تھا جو آج انہیں اور ان کے اہل خانہ کو عطا فرمایا، ہمیں اور آپ کو عطا فرمایا۔

انہوں نے کہا کہ آج حالات بڑے مخدوش ہیں، فکرمند کرنے والے حالات ہیں لیکن جس طرح پہلے ہم مشکل حالات سے نکلے، ان مشکل حالات سے بھی نکلیں گے، ہمارے اسٹیج سے کوئی غلط زبان، غیر مہذب الفاظ اور گالی نہیں آنی چاہیے، ہمیں اپنی اعلیٰ اقدار سے خود کو مخالفین سے بہتر انسان ثابت کرنا ہے۔

’عمران خان محسن کش شخص ہے، کوئی پتا نہیں تحفے بیچنے کا معاملہ ’مرشد‘ پر ہی نہ ڈال دے‘

سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، ان کے اہل خانہ، ان کے ورکرز کے خلاف ظلم کیا گیا، آج ایک شخص کہتا ہے کہ نیب میرے نہیں قابو میں نہیں تھا، وہ قمر باجوہ کے کنٹرول میں تھا، میں پوچھتا ہوں خواجہ آصف کو کس نے گرفتار کیا تھا، نیب نے گرفتار کیا تھا، کس کے کہنے پر گرفتار کیا تھا، کس کی درخواست پر گرفتار کیا تھا، جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے تو گرفتار نہیں کیا تھا اور کس کی کابینہ نے کہا تھا کہ اس پر آرٹیکل چھ کا، غداری کا مقدمہ بناؤ، نواز شریف کو کس نے قید کیا، ان کی زوجہ انتقال کرگئیں، ان کے بارے میں پی ٹی آئی والے جو زبان استعمال کرتے تھے، اسے دہراتے ہوئے بھی شرم آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج جنرل باجوہ کو گالیاں دیتے ہیں، کہتے ہیں کہ سب کچھ ان کے ہاتھ میں تھا، یہ دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹتے رہے، بڑے بڑے لوگوں نے ماضی میں پاکستان کو لوٹا، خدشہ ہے کہ مستقبل میں بھی لوگ اس کو لوٹیں، لٹیروں کے بھی کوئی اصول ہوتے ہیں، یہ اتنا گھٹیا ثابت ہوئے کہ ان کے کوئی اصول نہیں ہیں، یہ تحفوں کو بھی بیچتے رہے، سارا ٹبر بیچتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اتنا محسن کش اور ظالم شخص ہے کہ کوئی پتا نہیں وہ یہ سارا معاملہ ’مرشد‘ پر ہی نہ ڈال دے اور کہے کہ مجھے کچھ نہیں پتا تھا، یہ میری تیسری اہلیہ ہیں، انہوں نے یہ وارداتیں کی ہیں، میں تو لا علم تھا۔

’عمران خان کے چھوڑے ہوئے معاشی کھنڈرات کو تعمیر کر رہے ہیں‘

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ مخالفین ہماری آڈیو ویڈیو چلا کر ہمارے معاشرے کی اخلاقیات تباہ کر رہے ہیں، میں پوچھتا ہوں کہ سیاست کو اس لیول پر کون لے کر گیا ہے، کس نے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو جلسوں میں ناچنے کی ترغیب دی، جو سیاسی جلسے پی ٹی آئی نے شروع کیے، ان کا ہماری تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے، انہوں نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران اپنے دور حکومت کی گئی کئی غلطیوں کا اعتراف کیا جن کی سز پاکستانی قوم بھگت رہی ہے، عمران خان کے چھوڑے ہوئے معاشی کھنڈرات کو ہم تعمیر کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس صوبے میں جہاں گزشتہ 9 سال سے ان کی حکومت ہے وہاں پر گزشتہ ہفتے بنوں میں دہشت گردی کا جو واقعہ ہوا، صوبے کی پوری قیادت لاہور کے زمان پارک میں بیٹھی تھی، ہماری سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور ثابت کیا کہ وہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے لیکن موجودہ صوبائی حکومت کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ بنوں جا کر کسی سے پوچھ سکیں کہ یہ واقعہ کیسے اور کیوں ہوا، کے پی حکومت سوائے مال بنانے کے اپنے تمام فرائض سے دستبردار ہوچکی ہے، انہیں مال بنانے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے کئی چیلنجز کا مقابلہ کیا، آئندہ بھی پی ڈی ایم کی حکومت ان چیلنجز کا مقابلہ کرے گی، مفادات کی جنگ ہے، ایک شخص 8 ماہ سے اقتدار سے محروم ہے، وہ پاگل ہوگیا ہے، نواز شریف 3 مرتبہ وزیراعظم بنے، سازشوں اور ریشہ دوانیوں کی وجہ سے اقتدار سے محروم بھی ہوئے لیکن اپنا وقار، اپنی عزت برقرار رکھی، عمران خان کی طرح رونا دھونا نہیں مچایا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024