’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز کیے جانے کا امکان
خبریں ہیں کہ پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے کامیاب اور زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو سال نو کے موقع پر بھارت میں ریلیز کیا جائے گا۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے اب تک دنیا بھر سے 250 کروڑ تک کی کمائی کرلی ہے اور یہ ریکارڈ کمائی کرنے والی پہلی پاکستانی اور پنجابی فلم ہے۔
حیران کن طور پر ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستان کے مقابلے بیرون ممالک کے زیادہ سینما اسکرین پر پیش کیا گیا تھا۔
اگرچہ گزشتہ ماہ نومبر کے اختتام پر ہی یہ خبریں آئی تھیں کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم ایسے اعلان کے بعد وہاں کے انتہاپسند ہندوؤں نے دھمکی دی تھی کہ پاکستانی فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لیکن اب بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر خبریں شائع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فلم کو ممکنہ طور پر 30 دسمبر کو بھارت کے مخصوص علاقوں میں ریلیز کے کے لیے پیش کیا جائے گا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’زی اسٹوڈیو‘ پاکستانی فلم کو بھارت میں ریلیز کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے اور اس ضمن میں اسٹوڈیو نے منصوبہ بھی تیار کرلیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ابتدائی طور پر بھارتی ریاست پنجاب اور دارالحکومت نئی دہلی میں پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ میں ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایک بار فلم کو پنجاب اور نئی دہلی میں پیش کرنے کے بعد ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت بھر کی ریاستوں کے مخصوص شہروں کے مخصوص سینما اسکرینز پر بھی دکھایا جائے گا۔
اگرچہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فلم کو بھارت میں ریلیز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے آفیشلی طور پر زی اسٹوڈیو یا پھر دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔