شدید دھند کے باعث پنجاب بھر میں فلائٹس کے شیڈول متاثر
شدید دھند اور حدنگاہ میں کمی کی وجہ سے سیالکوٹ، ملتان اور لاہور ہوائی اڈوں پر فلائٹ شیڈول متاثر رہا اور ان ہوائی اڈوں پر اترنے کے لیے تیار کم از کم سات پروازوں کا خراب موسم کے سبب اسلام آباد کی جانب رخ موڑ دیا گیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی ملتان سے اسلام آباد جانے والی ایک اور پرواز خراب موسم کے باعث منسوخ کر دی گئی۔
پرواز کے حوالے سے دستیاب معلومات کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی تین بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔
پی آئی اے کی ٹورنٹو سے لاہور کے لیے شیڈول ایک اور پرواز کا رخ پی کے۔790 بھی خراب حدنگاہ اور دھند کے باعث اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا، لاہور میں شدید دھند کے باعث دبئی، جدہ اور باکو سے آنے والی پروازوں کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے، حالات بہتر ہونے پر جلد ہی آپریٹ کیا جائے گا۔
مزید رکاوٹوں کے پیش نظر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں تاخیر، منسوخ یا ان کا رخ موڑنے کے حوالے سے مسافروں کی شکایات سے نمٹنے کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔
پی سی اے اے کے ترجمان نے کہا کہ تمام بڑے ہوائی اڈوں پر ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ دھند کی وجہ سے کیا گیا ہے، ہوائی اڈے کے منیجر متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی سہولت کے لیے ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ خراب حدنگاہ اور شدید دھند کے نتیجے میں ہر سال پروازوں میں تاخیر، منسوخی اور ڈائیورژن ہوتا ہے۔
اس سے ہوائی اڈوں پر بھیڑ جبکہ مسافروں اور ان کے اہل خانہ کو تکلیف ہوتی ہے۔
ٹاسک فورس مسافروں کی سہولت کے لیے ایئر لائنز، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنائے گی۔
یہ مسافروں کے لیے رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے انتظامات کے لیے ایئر لائنز کے عملے کے ساتھ بھی رابطہ کرے گی، ٹاسک فورس ٹریفک پولیس کے ساتھ بھی بات چیت کرے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہوائی اڈے کی پارکنگ میں رش نہ ہو۔
مزید برآں، ایئر لائنز سے کہا گیا ہے کہ وہ مسافروں کو فون پر روانگی کے اوقات سے آگاہ کریں تاکہ تکلیف سے بچا جا سکے۔
ٹاسک فورس ہوائی اڈوں پر ڈسپلے سسٹم کے ذریعے تازہ ترین معلومات کی ترسیل کو یقینی بنائے گی۔
پی سی اے اے کے ایئرپورٹ سروسز ڈائریکٹوریٹ نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، کوئٹہ، فیصل آباد اور پشاور کے ایئرپورٹ منیجرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹاسک فورس کی تشکیل سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔