• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورنگی میں ڈکیتی کےدوران ایک اور نوجوان قتل، پولیس مقابلے میں اہلکار جاں بحق

شائع December 21, 2022
پولیس کے مطابق سپرہائی وے پر مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک ایس ایچ او اور ایک شہری زخمی ہو گئے—فائل فوٹو : آن لائن (لوپ ویب سائٹ)
پولیس کے مطابق سپرہائی وے پر مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک ایس ایچ او اور ایک شہری زخمی ہو گئے—فائل فوٹو : آن لائن (لوپ ویب سائٹ)

کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان چل بسا جبکہ پولیس مقابلے کے دوران دو مشتبہ افراد ہلاک ہوئے اور اہلکار بھی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ کورنگی نمبر 3 غوثیہ مسجد کے قریب مشتبہ لٹیروں نے 28 سالہ قیوم عمر کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر قتل کر دیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کورنگی ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ مقتول اور ان کا کزن اپنے گھر کے سامنے کھڑے تھے کہ مسلح ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کے کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ افراد نے مقتول کے کزن کو لوٹنے کی کوشش کی جس پر قیوم عمر نے چیخ و پکار شروع کی تو ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول عامر کو سینے میں ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، ان کا جسد خاکی قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو نے نوجوان لڑکے کے قتل کا نوٹس لیا اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کورنگی عامر اعظم کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

پولیس اہلکار جاں بحق

زمان ٹاؤن پولیس اور ریسکیو سروسز کے مطابق کورنگی میں پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

مزید بتایا گیا کہ پولیس اور مشتبہ لیٹروں کے درمیان کورنگی کے سیکٹر 51 سی میں مزار کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، جہاں پر فائرنگ کے تبادلے میں 35 سالہ پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، 2 اہلکار زخمی

کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس کے مطابق کازوے روڈ پر پولیس مقابلہ ہوا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 نامعلوم لیٹرے ہلاک ہوگئے جبکہ دو پولیس کانسٹیبل رزاق اور ساجد زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکار علاقے میں موٹرسائیکل پر گشت کر رہے تھے، جنہوں نے موٹرسائیکل سوار 2 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے فائرنگ شروع کردی، تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں مشتبہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ دونوں اہلکار زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کو علاج کے لیے آغا خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دوسرے کی حالت بہتر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ہلاک مشتبہ افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے 2 پستول، موبائل فونز اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی ہے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایس ایچ او اور ایک شہری زخمی

دوسری جانب، کراچی کے علاقے سپرہائی وے پر مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او اور ایک شہری زخمی ہو گیا۔

سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا کی پولیس نے بتایا کہ سپر ہائی وے پر احسن آباد میں حنیف اسٹیٹ ایجنسی کے قریب موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایس ایچ او بن قاسم انسپکٹر ادریس بنگش اور ایک راہ گیر 36 سالہ آصف ابراہیم زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی (شرقی) سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ایس ایچ او ادریس بنگش اپنے ذاتی کام کے سلسلے میں وہاں گئے تھے، وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھے تھے کہ وہاں پر مسلح ڈاکو آئے اور انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او نے ایک مشتبہ لٹیرے کو قابو کر لیا تھا لیکن اس کے ساتھی نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے پولیس افسر اور ان کے ایک دوست زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی کے مطابق ندیم کے نام سے شناخت ہونے والا ایک مشتبہ شخص بھی زخمی افسر کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔

اس دوران پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچی اور ایک ملزم ذیشان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او ادریس بنگش کو آغا خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ انہوں نے زخمی افسر سے ہسپتال میں بات کی ہے، انہیں پیٹ کے قریب گولی لگی ہے، گولی ان کے جسم میں پھنس گئی تاہم خون بہنا رک گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی افسر ادریس بنگش کا حال ہی میں بن قاسم تھانے میں تبادلہ ہوا تھا، اس سے قبل وہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا میں تعینات تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024