• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

اشنا شاہ خود سے اور فیروز خان سے متعلق جھوٹی ویڈیو پوسٹ کرنے پر نالاں

شائع December 21, 2022
اداکارہ نے مداحوں سے اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کی درخواست بھی کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے مداحوں سے اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کی درخواست بھی کی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار فیروز خان کے ساتھ ’حبس‘ سمیت دیگر ڈراموں اور منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرنے والی اداکارہ اشنا شاہ نے خود سے اور اداکار سے متعلق ایک جعلی ویڈیو شیئر پر یوٹیوب چینل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اُس اکاؤنٹ کے خلاف شکایت درج کرائیں۔

اشنا شاہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ’در فشاں‘ نامی یوٹیوب چینل پر ان کی دو سال پرانی تصاویر کو استعمال کرکے ان سے متعلق ایک جعلی ویڈیو لگائی گئی۔

انہوں نے لکھا کہ عام طور پر وہ ایسی فالتو چیزوں پر وقت ضائع نہیں کرتیں اور نہ ہی ان کی طرف توجہ دیتی ہیں لیکن چوں کہ مذکورہ ویڈیو کو اب تک 5 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے، اس لیے وہ اس کی طرف متوجہ ہوئیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا—اسکرین شاٹ

اشنا شاہ نے لکھا کہ ان سے اور فیروز خان سے متعلق پوسٹ کی گئی جعلی ویڈیو جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل رہی ہے اور اس میں استعمال کی گئی ان کی تصاویر دو سال پرانی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے رونے والی تصاویر اس وقت کی ہیں جب ان کے گھر کا ایک پالتو جانور ہلاک ہوگیا تھا تو وہ اشک بار ہوگئی تھیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ ان کی پرانی تصاویر کو ویڈیو میں استعمال کرکے فیروز خان کے معاملے پر جھوٹی ویڈیو بنائی گئی۔

اشنا شاہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی جعلی ویڈیو بنانے والے یوٹیوب چینل کو رپورٹ کریں، تاکہ جعلی اکاؤنٹ کو بند کروایا جا سکے۔

اداکارہ کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کے بعد مذکورہ یوٹیوب چینل کی جانب سے اشنا شاہ کی فیروز خان سے متعلق ویڈیو کو ڈیلیٹ کردیا گیا، تاہم اسی چینل پر اداکارہ کی مزید ویڈیوز موجود ہیں۔

’در فشاں‘ نامی یوٹیوب چینل پر شوبز شخصیات کی تصاویر اور ویڈیوز سمیت ان کے بیانات کو تبدیل یا ایڈٹ کرکے ویڈیوز بنائی جاتی ہیں اور اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 40 ہزار کے قریب ہے۔

اسی یوٹیوب چینل پر اشنا شاہ اور مہوش حیات کی شادی سمیت فیروز خان کی جانب سے سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد کی رپورٹس سے متعلق متعدد ویڈیوز موجود ہیں۔

علاوہ ازیں یوٹیوب چینل فرحان سعید اور عروہ حسین کی طلاق کے علاوہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی طلاق کی افواہوں سے متعلق بھی متعدد ویڈیوز موجود ہیں۔

مذکورہ یوٹیوب چینل پر اشنا شاہ کی فیروز خان سے متعلق بنائی گئی جعلی ویڈیو میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ نے اداکار کی جانب سے سابق بیوی علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد سے متعلق خاموشی توڑی دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024