• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

انگلینڈ 8 وکٹوں سے کامیاب، پاکستان کو پہلی بار ہوم سیریز میں ’وائٹ واش‘

شائع December 20, 2022
کراچی میں کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ میچ  انگلینڈ نے 8 وکٹوں سے جیت لیا— فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے 8 وکٹوں سے جیت لیا— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں اپنی سرزمین پر ’وائٹ واش‘ ہوگئی، انگلینڈ نے سیریز کے تیسرے میچ میں 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے انگلش الیون کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اوپنر بین ڈکٹ 82 اور کپتان بین اسٹوکس 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ گزشتہ روز آخری سیشن میں ہدف کے تعاقب میں انگلش بلے بازوں نے جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنالیے تھے، اوپنر زیک کرالی 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 41 بنا کر آؤٹ ہوئے تھے جب کہ ریحان احمد 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 304 رنز بنائے تھے۔

انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں 354 رنز بنا کر 50 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی، انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ہیری بروک نے سنچری بنائی تھی۔

پاکستانی بلے باز اظہر علی کا یہ آخری ٹیسٹ میچ تھا جس میں وہ پہلی اننگز میں 45 جبکہ دوسری میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم دوسری اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 54 اور سعود شکیل نے 53 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے 18 سالہ نوجوان اسپنر محمد ریحان نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگ میں 2 اور دوسری اننگ میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

ریحان احمد ڈیبیو میچ میں 5 وکٹیں لینے والے اب تک کے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے تھے۔

اس سے قبل نگلینڈ کی ٹیم برصغیر میں صرف سری لنکا کے خلاف 2018 میں 0-3 سے ’کلین سوئپ‘ کر سکی تھی جبکہ پاکستان میں ہونے والی کسی بھی سیریز کے تمام میچز میزبان ٹیم کبھی نہیں ہاری تھی۔

پاکستان پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش ہوا ہے۔

17 سال بعد دورہ کرنے کے لیے آنے والے انگلینڈ نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان پاکستان کو 74 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کو مسلسل چوتھی ہوم سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سیریز کا دوسرا میچ جیتنے کے بعد انگلینڈ نے 22 سال بعد پاکستان میں سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی، انگلش ٹیم نے سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے 2005 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024