• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

فیفا ڈائری (29واں دن): ’ارجنٹینا کی ٹیم صحافیوں کو گالی دیتی رہی‘

شائع December 19, 2022

اس سلسلے کی بقیہ اقساط یہاں پڑھیے۔


کل جو کچھ بھی ہوا وہ ناقابلِ یقین تھا۔ عمومی طور پر بڑے میچ اتنے دلچسپ نہیں ہوتے کہ جس میں اتنے زیادہ گولز ہوں۔ 6 گولز اور پھر پینلٹیز۔

اتنا سخت مقابلہ کہ جس میں مجھے بہت سی اسٹوری لائنز ملیں۔ اتنا زبردست ورلڈ کپ فائنل میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ ہاں گزشتہ ورلڈ کپ تجربے کے لحاظ سے تو بہت اچھے تھے لیکن اتنا دلچسپ فائنل ہم شاید دوبارہ کبھی نہ دیکھ پائیں۔

اس فائنل کے 2 اہم کھلاڑی جن پر سب کی نظریں تھیں وہ تھے لیونل میسی اور کیلن مباپے۔ میسی پہلی بار عالمی کپ جیتنے جا رہے تھے جبکہ مباپے دنیائے فٹبال کے اگلے سپر اسٹار ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی جیتنے کے علاوہ اور کچھ نہیں جانتے۔

مباپے نے کیا شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ جب انہوں نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا تو میں اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکا اور باقاعدہ چیخنے لگا کہ کیا گول ہے۔ ایسے تاثرات عمومی طور پر میرے ہوتے نہیں ہیں لیکن اس بار تھے۔

مباپے پینلٹی پر گول اسکور کرتے ہوئے — تصویر: رائٹرز
مباپے پینلٹی پر گول اسکور کرتے ہوئے — تصویر: رائٹرز

میچ ختم ہوا تو ہم مکسڈ زون میں ارجنٹینا کی ٹیم کا انتظار کرنے لگے۔ ارجنٹینا کے کھلاڑی آئے اور انہوں نے اپنے ڈانس سے مکسڈ زون کو تباہ کردیا۔ جبکہ اس دوران وہ ہسپانوی زبان میں گانا گاتے رہے۔

مکسڈ زون ایک ایسی جگہ ہوتی ہے جہاں ویڈیوز یا تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوتی خاص طور پر اخباری نمائندوں کو تو بالکل بھی نہیں۔ لیکن کل فیفا کی انتظامیہ اس پابندی کے اطلاق میں ناکام نظر آئی۔

ارجنٹینا جب مکسڈ زون میں جشن منا رہی تھی تب فیفا کی انتظامیہ نے بہت کوشش کی کہ ہمیں روکیں لیکن مجھ سمیت تمام صحافیوں کی تعداد ہی اتنی زیادہ تھی کہ وہ ہمیں روک نہیں پا رہے تھے۔ کل فائنل تھا اور ورلڈ کپ ختم ہوچکا تھا اسی لیے سب نے کہا کہ ویڈیو بناتے ہیں کیونکہ ایسے مواقع پھر ملتے نہیں ہیں۔

لیونل میسی اور ان کی ٹیم خوشی سے اچھل کود کر رہے تھے۔ ویڈیو بنا لی پھر خیال آیا کہ یہ گا کیا رہے تھے۔ پھر کچھ ہسپانوی صحافیوں سے معلوم کیا تو پتا چلا کہ اس گانے کا نام ’پوٹا پیریوڈسٹا‘ ہے۔ پوٹا غیر مناسب لفظ ہے جبکہ پیریوڈسٹا صحافیوں کو کہتے ہیں۔ معنیٰ جان کے ہم پر آشکار ہوا کہ ارجنٹینا کی ٹیم مکسڈ زون میں موجود تمام صحافیوں کو گالیاں دیتے ہوئے گئی تھی۔

بعد میں معلوم ہوا کہ جو میڈیا یہ نہیں سمجھ رہا تھا کہ وہ جیتیں گے، اس گانے کے ذریعے انہوں نے اس میڈیا کو جواب دیا تھا۔

فائنل میں عمومی طور پر یہ ہوتا ہے کہ میزبان ملک ٹورنامنٹ کے انعقاد میں محنت کرتا ہے اسی لیے وہ یہی چاہتا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا اختتام بھی بہترین انداز میں ہوسکے۔ اختتامی تقریب اور دیگر لمحات کے حوالے سے وہ یہ چاہتے ہیں کہ عالمی کپ کا بہتر سے بہتر اور یادگار اختتام ہو۔ کل کی اختتامی تقریب بھی بہت بہترین تھی۔

البتہ کل قطر سے لوگوں کا ہجوم نہیں سنبھل پایا۔ کل ٹریفک بہت شدید تھا جبکہ قطر میں میٹرو لائنز بھی جام ہوچکی تھیں۔ تو قطر سے لوگوں کی بھیڑ کنٹرول نہیں ہو پارہی تھی۔ ٹریفک کے باعث میں میچ میں دیر سے پہنچا اس لیے اختتامی تقریب پوری نہیں دیکھا پایا۔ البتہ میچ کی شروعات میں کافی زبردست آتش بازی ہوئی۔

میسی ورلڈ کپ ٹرافی کو بوسہ دیتے ہوئے — تصویر: رائٹرز
میسی ورلڈ کپ ٹرافی کو بوسہ دیتے ہوئے — تصویر: رائٹرز

مجموعی طور پر فائنل میں جشن کا ماحول ہوتا ہے اس لیے سڑکوں پر لوگوں کا ہجوم ہونا بجا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ 2014ء ورلڈ کپ کا فائنل ارجنٹینا اور جرمنی کے مابین برازیل کے میراکانا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ اس فائنل میں جرمنی کے ماریو گوٹزے نے میچ کا واحد گول اسکور کیا تھا جس پر جرمن شائقین کا جوش بھی والہانہ تھا۔

دوسرا ورلڈ کپ فائنل جو میں نے کور کیا وہ روس کے اسٹیڈیم لوزنیکی میں کھیلا گیا جس میں فرانس نے کروشیا کو بہترین میچ کے بعد شکست دی تھی۔

کل بھی شاید فرانس جیت جاتا لیکن کل لیونل میسی کا دن تھا۔ ایسا لگا جیسے کل عالمی کپ جیتنے کے لیے میسی کو غیبی مدد حاصل تھی۔

عمید وسیم

عمید وسیم ڈان اخبار میں اسپورٹس کے شعبے کے نگران ہیں، فٹبال سے شغف رکھتے ہیں اور ایک دہائی سے زائد عرصے سے فٹبال کور کررہے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024