وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کرنے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر گئے جہاں وزیراعظم نے معیشت کی بحالی اور عوام کے ریلیف کے حوالے سے کوششوں سے چوہدری شجاعت کو آگاہ کیا۔
چوہدری شجاعت نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لیے وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبالہ خیال کیا، جہاں وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا اور دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون اور اشتراک عمل مزید بہتر اور مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔
دونوں رہبنماؤں نے اتفاق کیا کہ سیاسی استحکام اور قریبی تعاون ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے ضروری ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی طارق بشیر چیمہ، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وزیر چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ایک ایسے ماحول میں ملاقات ہوئی ہے جب سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی طرف سے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپخونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز (17 دسمبر) کو سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ خیبرپخونخوا محمود خان کے ہمراہ وڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہاں اس بات کا ذکر کرنا لازم ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ق) سے ہے مگر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے نے کچھ روز قبل کہا تھا کہ پنجاب اسبملی عمران خان کا مینڈیٹ ہے اور جب بھی عمران خان کہیں گے وہ اسمبلی تحلیل کرنے میں کوئی دیر نہیں کریں گے۔