• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی آئی اے کی زیر ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کا کوئی ارادہ نہیں، سعد رفیق

شائع December 18, 2022
—فوٹو: ڈان
—فوٹو: ڈان

وزیر ریلوے اور ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے واضح طور پر تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا امریکا میں واقع پی آئی اے کی زیر ملکیت روزویلٹ ہوٹل فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز (17 دسمبر کو) لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میڈیا کی جانب سے روزویلٹ ہوٹل کو فروخت کرنے کا پروپیگنڈاکیا جارہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے ہوٹل فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے روزویلٹ ہوٹل سے پاکستانی پرچم ہٹانے کی اطلاعات کو بھی مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی پرچم صرف اسی وقت بلند کیا جاتا ہے جب کسی ریاست کے سربراہاں وہاں قیام کرتے ہیں ورنہ ہوٹل میں صرف دو پرچم (امریکا اور ہوٹل کا پرچم) بلند ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں کچھ وجوہات کی بنا پر ہوٹل کو بند کردیا گیا تھا۔

سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ نے ہوٹل کے کمروں کی مرمت اور ہوٹل کو بحال کرنے کی اجازت مانگی تھی تاکہ 25 لاکھ ڈالر کے مالی بوجھ کو کم کیا جاسکے۔

وزیر ہوابازی نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کو تباہی سے بچانے کی کوششیں کررہی ہے اور سابق وزیر کے غیر اعلانیہ بیان کے بعد پی آئی اے پر عائد پابندیوں سے نجات کے لیے یورپی اور امریکی اداروں سے بات چیت جاری ہے۔

سعد رفیق نے مزید کہا کہ ’پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے پی آئی اے کو سالانہ 40 ارب روپے کا نقصان کا سامنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں ترکی ائیرلائن کے ساتھ شراکت داری میں 2 ارب 14 کروڑ روپے کمائے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ امارات ایئرلائن کی جانب سے اشتراک کی درخواست پر غورکررہے ہیں اور اگر یہ اشتراک طے پا گیا تو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران پی آئی اے کو 170 ارب روپے آمدن کی توقع تھی، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد 43 سے کم ہوکر 27 ہوگئی ہے اور موجودہ انتظامیہ جہاز کی تعداد 40 تک بڑھانے کی کوشش کرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بوئنگ 777 کے 2 طیاروں کو پی آئی اے کے بیڑے میں شامل کرنے کے لیے جلد ہی تزئین و آرائش کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گرین لائن، پاکستان ایکسپریس اور پنڈی دادن خان اور مالکوال کے درمیان مسافر ٹرین کو بحال کیا جائےگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سامان لے جانے والی ایک خصوصی ٹرین کو بھی متعارف کرنے پر غور کررہے ہیں۔

کرایوں میں اضافے کے بارے میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے ٹرینوں کے کرایوں میں کمی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024