• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی: عدم ثبوت کی بنا پر عزیر بلوچ مزید دو مقدمات سے بری

شائع December 18, 2022
— فائل فوٹو: حسین افضل
— فائل فوٹو: حسین افضل

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم شواہد کی بنا پر کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ کو مزید دو مقدماتسے بری کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز (17 دسمبر کو) انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 7 کے جج نے سینٹرل جیل کے اندر جوڈیشل کمپلیکس میں مقدمے کی سماعت کی، جج نے دونوں فریقین کے شواہد اور حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔

عدالت نے لیاری میں سال 2012 کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کے الزامات میں عزیر بلوچ اور ان کے دو ساتھیوں کو بری کر دیا۔

پروسیکیوشن کے مطابق عزیر بلوچ نے شریک ملزم شاہد عرف ایم سی بی اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ یکم مئی 2012 کو نیپیئر تھانے کی حدود میں گرفتاری کے لیے مارے گئے چھاپے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے اسلحہ اور تشدد کا سہارا لے کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا تھا۔

اس کے علاوہ عدالت نے عزیر بلوچ کو کھارادر پولیس اسٹیشن میں درج اسی طرح کے ایک اور مقدمے میں بری کردیا۔

پروسیکیوشن نے الزام لگایا کہ پولیس نے لیاری میں گینگ وار میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا جہاں عزیر بلوچ اور ان کے ساتھیوں نے قتل کرنے کی نیت سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی۔

سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جرم کے ارتکاب پر سزا سنانے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں۔

وکیل دفاع عابد زمان نے موقف اختیار کیا کہ پروسیکیوشن کے شواہد میں واضح تضاد ہے اور ان کے موکل کے خلاف لگائے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔

عزیر بلوچ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے الزامات کی تردید تھی۔

خیال رہے کہ عزیر بلوچ کے خلاف نیپیئر اور کھارادر پولیس اسٹیشن میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے ساتھ تعزیرات پاکستان کی دفعات 324، 337، 427، 34 کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج تھے۔

لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ پر قتل، اقدام قتل، اغوا، ظلم و جبر، پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے سے متعلق درجنوں فوجداری مقدمات درج ہیں۔

اب تک عدم شواہد کی بنا پر عدالت نے عزیر بلوچ کو تقریباً 22 مقدمات سے بری کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024