• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارتی سپریم کورٹ: گینگ ریپ کے مجرموں کی رہائی کےخلاف بلقیس بانو کی درخواست مسترد

شائع December 17, 2022
بلقیس بانو کو 3 مارچ 2002 کو گجرات میں فسادات کے دوران گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا — فوٹو: اے ایف پی
بلقیس بانو کو 3 مارچ 2002 کو گجرات میں فسادات کے دوران گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا — فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی سپریم کورٹ نے گینگ ریپ کیس میں عمر قید کی سزا ملنے والے 11 افراد کو رہا کرنے کے خلاف بلقیس بانو کی درخواست مسترد کردی، جس میں مجرموں کی رہائی کے لیے گجرات حکومت کو فیصلہ کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔

بار اینڈ بینچ کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے مئی کے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ بلقیس بانو کا گینگ ریپ کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کو قتل کرنے کے 11 مجرموں کی قبل از وقت رہائی کا فیصلہ حکومت گجرات کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

یہ حکم جسٹس اجے رستوگی اور وِکرم ناتھ پر مشتمل 2 رکن بینچ نے دیا تھا۔

بلقیس بانو کو 3 مارچ 2002 کو گجرات میں فسادات کے دوران گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس وقت گجرات کے وزیر اعلیٰ موجودہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی تھے، بلقیس بانو اس وقت 19 سال کی اور حاملہ تھیں۔

احمد آباد کے قریب فسادیوں نے ان کی 3 سالہ بیٹی سمیت خاندان کے 14 افراد کو قتل کردیا تھا، ایک آدمی نے بچی کو ماں کے بازو سے چھین کر اس کا سر پتھر پر مار دیا تھا۔

بھارت میں بلقیس بانو گینگ ریپ کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے 11 افراد کو رواں سال 16 اگست کو گودھرا جیل سے رہا کر دیا گیا تھا، گجرات حکومت نے ان کی معافی کی درخواست منظور کر لی تھی، مجرموں کی رہائی کے بعد رشتہ داروں کی طرف سے ان کا استقبال مٹھائی کھلا کر کیا گیا تھا۔

بلقیس بانو نے نومبر میں سپریم کورٹ کے مئی کے فیصلے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کی تھی جس میں مجرموں کی عمر قید کی سزا معاف کرنے کا اختیار گجرات حکومت کو دیا گیا تھا۔

بلقیس بانو نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ سپریم کورٹ کی رائے کے مطابق مجرموں کی رہائی کا فیصلہ گجرات کی حکومت کی جانب سے کرنا مناسب ہے، یہ کوڈ آف کریمنل پروسیجر کے ضابطوں کے خلاف ہے۔

بلقیس بانو نے دفعہ 432 (7) (بی) کا حوالہ دیا تھا جو سزا معطل کرنے یا معاف کرنے سے متعلق ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ جس ریاست کے اندر مجرم کو سزا سنائی گئی، وہی حکومت معافی پر بھی غور کرے گی، مجرموں کو مہاراشٹرا کی عدالت نے سزا سنائی تھی۔

بلقیس بانو نے دلائل دیئے تھے کہ کوڈ آف کریمنل پروسیجر کی دفعات کے مطابق مہاراشٹرا کی حکومت کو معافی کی درخواست کو دیکھنا چاہیے تھا۔

عدالت نے ایک مجرم رادھیشیام بھگوان داس شاہ کی طرف سے دائر درخواست پر اپنا فیصلہ سنایا تھا، جس میں اس نے حکومت گجرات سے 9 جولائی 1992 کی پالیسی کے تحت قبل ازوقت رہائی پر غور کرنے کی درخواست دی تھی، جو اس کو سزا سنائے جانے کے وقت نافذ العمل تھی۔

لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے حکم نامے میں بتایا گیا کہ مئی 2022 کے فیصلے میں کوئی غلطی نظر نہیں آئی، اس نے یہ بھی کہا کہ نظرثانی کی درخواست میں پیش کی گئی مثالیں عدالت کے لیے مددگار ثابت نہیں ہوئیں۔

عدالت نے حکم نامے میں بتایا کہ نظر ثانی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

بلقیس بانو کی وکیل ایڈووکیٹ شوبھا گپتا نے ویڈیو پیغام میں وضاحت دی کہ 11 مجرموں کی رہائی کا معاملہ نظر ثانی درخواست کا موضوع نہیں تھا۔

شوبھا گپتا نے بتایا کہ یہ رٹ پٹیشن کا موضوع ہے جو ابھی تک سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔

نومبر میں بلقیس بانو نے بتایا تھا کہ رادھیشیام بھگوان داس شاہ کی رہائی کی درخواست میں مرضی کا حکم لینے کے لیے جرم کی نوعیت ظاہر نہ کرکے عدالت کو گمراہ کیا گیا۔

بلقیس بانو کی وکیل شوبھا گپتا نے دلائل دیے تھے کہ رادھیشیام بھگوان داس شاہ نے بڑی چالاکی سے بلقیس بانو کا نام چھپایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024