• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

پشاور زلمی کا بابر اعظم کو کپتان مقرر کرنے کا اعلان

شائع December 15, 2022
بابر اعظم گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے کپتان تھے — فوٹو: پشاور زلمی ٹوئٹر
بابر اعظم گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے کپتان تھے — فوٹو: پشاور زلمی ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو فرنچائز کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

بابر اعظم نے گزشتہ سال کراچی کنگز کی قیادت کی تھی تاہم اس سال پشاور زلمی نے کراچی کنگز سے ان کی ٹریڈنگ کی اور شعیب ملک کے ساتھ ساتھ حیدر علی کے بدلے بابر کی خدمات حاصل کر لیں۔

بابر اعظم کے پاکستان سپر لیگ میں سفر کا آغاز 2016 میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوا تھا لیکن دو میچوں کے بعد انہیں نظر انداز کردیا گیا تھا۔

اگلے سال انہوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں 43.60 کی اوسط سے سب سے زیادہ رنز اسکور کیے تھے اور وہ اب تک 68 میچوں میں 2 ہزار 413 رنز بنا چکے ہیں۔

گزشتہ سال ان کی قیادت میں کراچی کنگز کی ٹیم کی پرفارمنس انتہائی ابتر رہی تھی اور بلو شرٹس کو 10 میں سے 9 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا اور اسی کارکردگی کے پیش نظر ان کے فرنچائز مالکان سے تعلقات کشیدہ ہوگئے جس کی وجہ سے انہوں نے فرنچائز چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

9 فروری سے 19 مارچ تک ملک کے چار شہروں میں کھیلے جانے پاکستان سپر لیگ کے میچوں میں کراچی کنگز کی قیادت ایک مرتبہ پھر عماد وسیم کریں گے جو اس سے قبل بھی یہ فرائض انجام دے چکے ہیں۔

بابر کی نئی فرنچائز پشاور زلمی کا شمار لیگ کی کامیاب ترین ٹیموں میں ہوتا ہے جس نے 2017 میں چیمپئین بننے کے بعد 2018، 2019 اور 2021 کے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ 2020 اور 2022 میں ایلیمنیٹر تک رسائی حاصل کی۔

گزشتہ سال پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض نے کی تھی لیکن پی ایس ایل کے سب سے کامیاب باؤلر کی کارکردگی ہر گزرتے دن کے ساتھ گرنے کی وجہ سے اس سال ان کی پلاٹینم کیٹیگری سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں تنزلی کردی گئی تھی جبکہ 40 سالہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو بھی اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے۔

آج ہونے والے پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں پشاور زلمی 11 کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنائے گا جہاں اسکواڈ میں محمد حارث کی شکل میں نوجوان بلے باز کے ساتھ ساتھ عامر جمال، شرفین ردرفورڈ، سلمان ارشاد اور ٹام کوہلر کیڈمور بھی موجود ہیں جنہیں اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024