• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

جیکولین فرنانڈس کا نورا فتیحی کے کیس کا مقابلہ کرنے اور ان پر مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

شائع December 14, 2022
نورا فتیحی نے جیکولین فرنانڈس نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
نورا فتیحی نے جیکولین فرنانڈس نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ جیکولین فرنانڈس نے ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی کی جانب سے دائر کیے گئے ہتک عزت کے دعوے کا بھرپور دفاع کرنے اور ڈانسر پر جوابی مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

نورا فتیحی نے ایک روز قبل نئی دہلی کی عدالت میں جیکولین فرنانڈس پر بدنام کرنے کا ہتک عزت کا سول مقدمہ دائر کیا تھا۔

ڈانسر نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کا کسی بھی منی لانڈرنگ یا فراڈ کے کیس میں کوئی لینا دینا نہیں ہے، انہیں بدنام کرنے کے لیے جیکولین فرنانڈس نے ان کا نام لیا۔

درخواست میں اداکارہ و ڈانسر نے دعویٰ کیا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس میں نام آنے پر انہیں متعدد منصوبوں سے ہاتھ دھونا پڑا جب کہ کچھ اداروں اور برانڈز نے ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی معذرت کی۔

درخواست میں نورا فتیحی نے جیکولن فرنانڈس کو ملزم نمبر ایک کے نام سے مینشن کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ اداکارہ نے ڈانسر کے خلاف نامناسب زبان بھی استعمال کی اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

ڈانسر کی جانب سے مقدمہ دائر کیے جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد جیکولین فرنانڈس نے بھی نورا فتیحی پر جوابی مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق جیکولین فرنانڈس کے وکیل پرشانت پٹیل نے اعلان کیا کہ وہ عدالت میں اپنی مؤکل کا بھرپور دفاع کریں گے جب کہ وہ نورا فتیحی کے خلاف جوابی مقدمہ بھی دائر کریں گے۔

پرشانت پٹیل نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ تاحال انہیں عدالت کی جانب سے جیکولین فرنانڈس کے خلاف دائر کیے گئے کسی مقدمے کا سمن نہیں ملا، انہوں نے صرف یہ خبریں میڈیا میں پڑھی ہیں۔

جیکولین فرنانڈس کے وکیل کے مطابق ممکن ہے کہ عدالت نورا فتیحی کی درخواست کو خارج کردے یا پھر کچھ دن کے بعد انہیں سمن موصول ہو کہ ان کی مؤکل کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر جیکولین فرنانڈس کے خلاف نورا فتیحی کی درخواست پر مقدمے کی سماعت ہوئی تو وہ اپنی مؤکل کا بھرپور دفاع کریں گے اور ڈانسر سے جرح کے دوران سخت سوالات بھی کریں گے۔

جیکولین فرنانڈس کے وکیل کے مطابق نورا فتیحی کو ان کی مؤکل کے حوالے سے غلط فہمی ہوئی ہوگی، ان کی مؤکل نے ڈانسر کا نام نہیں لیا اور نہ ہی انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، البتہ میڈیا میں شائع خبروں سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں۔

پرشانت پٹیل نے واضح کیا کہ وہ جیکولین فرنانڈس کے مقدمے کا سامنا کرنے اور اس سے بری ہونے کے بعد ان کے خلاف جوابی مقدمہ بھی دائر کریں گے۔

خیال رہے کہ نورا فتیحی اور جیکولین فرنانڈس پر الزام ہے کہ انہوں نے سکیش چندرا شیکھرنامی شخص اور ان کی اہلیہ لینا ماریہ پال سے کروڑوں روپے کی مالیت کے تحفے لیے۔

نورا فتیحی پر الزام ہے کہ انہوں نے جس شخص سے قیمتی تحفے لیے وہ لوگوں سے فراڈ کرنے اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور اس پر 15 سے زائد مقدمات دائر ہیں۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملزم سکیش چندرا شیکھرسے کروڑوں روپے کے قیمتی تحفے لے کر ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کی۔

اسی کیس میں گزشتہ برس نورا فتیحی کو بھارت کی اینٹی منی لانڈرنگ فورس انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے طلب بھی کیا تھا۔

ان کی طرح جیکولین فرنانڈس پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے بھی ملزم سکیش چندرا شیکھرسے کروڑوں روپے کے قیمتی تحفے لے کر ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کی اور ان سے بھی اینٹی منی لانڈرنگ فورس متعدد بار پوچھ گچھ کر چکی ہے۔

تاہم دونوں اداکارائیں اینٹی منی لانڈرنگ فورس کو دیے گئے بیانات میں ملزم سکیش چندرا شیکھرسے کروڑوں روپے کے قیمتی تحفے لینے کے دعووں کو مسترد کر چکی ہیں۔

ملزم سکیش چندرا شیکھراور ان کی اہلیہ منی لانڈرنگ اور لوگوں سے 200 کروڑ روپے کے فراڈ کرنے کے الزام میں قید ہیں اور ان پر ایک درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔

دونوں میاں اور بیوی پر یہ الزامات بھی ہیں کہ وہ لوگوں سے معروف بولی وڈ اداکاراؤں کو محفل میں لانے کے نام پر بھی پیسے بٹورتے رہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024