• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

وزیرخارجہ بلاول بھٹو 14 سے 21 دسمبر تک امریکا کا دورہ کریں گے

شائع December 12, 2022 اپ ڈیٹ December 13, 2022
وزیر خارجہ امریکا کا دورہ کریں گے— تصویر: فیس بک
وزیر خارجہ امریکا کا دورہ کریں گے— تصویر: فیس بک

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 14 سے 21 دسمبر امریکا کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ نیویارک اور واشنگٹن میں متعلقہ حکام کے ساتھ دو طرفہ امور ، علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورے کا آغاز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ساتھ ملاقات سے کریں گے اور 14 دسمبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی کے لیے ’کثیر الطرفہ تعلقات کے لیے نئی سمت‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیویارک میں 15 سے 16 دسمبر تک جی -77 اور چین کی وزارتی کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کریں گے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ کانفرنس کے ایجنڈے میں عالمی وبا کورونا وائرس، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہونے والی آفات اور جغرافیائی سیاسی پیش رفت کے حوالے سے ترقی پذیر ممالک کو پائیدار ترقیاتی اہداف ( ایس ڈی ایس جی) کے حصول میں درپیش متعدد چیلنجز شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ 19 دسمبر کو واشنگٹن کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام، کانگریس کے رہنماؤں، پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور کمیونٹی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ سرکاری ملاقاتوں کے دوران وزیر خارجہ دو طرفہ تعلقات، باہمی مفادات کے علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر کا اشتراک کریں گے اور پاکستان میں موسمیاتی سیلاب سے ہونے والے شدید نقصان اور حکومت کی طرف سے تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024