• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایشان کشن نے ون ڈے میں تیز ترین ڈبل سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا

شائع December 10, 2022
ایشان کشن 131 گیندوں پر 10 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 210 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
ایشان کشن 131 گیندوں پر 10 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 210 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

نوجوان بھارتی کرکٹر نے بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیز ترین ڈبل سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا اور سیریز کے آخری میچ میں اپنی ٹیم کو 227 رنز سے کامیابی دلائی۔

بنگلہ دیش نے تیسرے میچ میں شکست کے باوجود ابتدائی دو میچوں میں کامیابی کے باعث سیریز 1-2 سے جیت لی۔

بنگلہ دیش نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی کے ساتھ سیریز اپنے نام کرلی تھی—فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی کے ساتھ سیریز اپنے نام کرلی تھی—فوٹو: اے ایف پی

چھتوگرام میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور کلدیپ یادیو کے ساتھ ساتھ ایشان کشن کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا اور 24سالہ نوجوان بلے باز نے اس موقع پر اپنا نام تاریخ میں امر کردیا۔

نوجوان بلے باز نے ابتدا میں نسبتاً محتاط انداز اپنایا لیکن 49 گیندوں پر نصف مکمل کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے کھیل کی رفتار میں تیزی لانا شروع کی۔

نوجوان بلے باز نے ففٹی کے بعد زیادہ پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور ویرات کوہلی کے ہمراہ بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے سنچری کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔

نوجوان بلے باز نے عفیف حسین کی گیند پر سوئپ کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری 85 گیندوں پر مکمل کی اور اس وقت تک ان کی اننگز میں صرف ایک چھکا شامل تھا۔

سنچری مکمل ہونے ساتھ ہی ایشان کشن نے مزید جارحانہ انداز اپنا لیا اور چھکوں کی برسات کرتے ہوئے تمام بنگلہ دیشی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا اور اگلی 18 گیندوں میں 50 رنز بنا کر 150 کا ہندسہ عبور کر لیا جس میں 8 چھکے شامل تھے۔

بہار کے کرکٹر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ڈبل سنچری کا موقع نہ گنوایا اور 126 گیندوں پر 23 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے ڈبل سنچری بنا کر تیز ترین ڈبل سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے زمبابوے کے خلاف 138 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔

ایشان کشن بھارت کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے چوتھے بلے باز ہیں اور وہ 131 گیندوں پر 10 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 210 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اس میچ میں بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے بھی سنچری اسکور کی کو ان کے کیریئر کی 72ویں انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس طرح وہ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 409 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن، تسکین احمد اور عباد حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے 182 رنز گھٹنے ٹیک دیے اور میچ میں شکست کھا گئی تاہم سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکی ہے۔

انعام الحق اور کپتان لٹن داس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 33 رنز بنائے تاہم آکشرپٹیل نے انعام لحق کو محمد سیراج کے کیچ کے ذریعے آؤٹ کردیا۔

لٹن داس کی 29 رنز کی اننگز 47 کے اسکور پر محمد سیراج نے تمام کردی۔

شکیب الحس نے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنائے لیکن دوسرے اینڈ سے مشفق الرحیم 7 اور یاسر علی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی 5 وکٹیں 124 رنز پر گر چکی تھیں، جب شکیب الحسن 43 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محموداللہ نے 20 رنز بنائے اور 143 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، عفیف حسین 8 اور دوسرے میچ میں سنچری بنانے والے مہدی حسن میراز کو ٹھاکر نے 3 رنز پر آؤٹ کردیا۔

تسکین احمد نے 17 اور مستفیض الرحمٰن نے 13 رنز بنا کر بنگلہ دیش کا اسکور بمشکل 182 رنز تک پہنچایا۔

بنگلہ دیش کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز مستفیض الرحمٰن تھے، جنہیں عمران ملک نے آؤٹ کیا۔

بھارت نے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 30 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 182 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 227 رنز سے جیت لیا تاہم سیریز پہلے ہی بنگلہ دیش کے نام ہوچکی تھی۔

بنگلہ دیش نے سیریز 1-2 سے جیت لی—فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش نے سیریز 1-2 سے جیت لی—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کے خلاف بھارت کے سب سے کامیاب باؤلر شردل ٹھاکر تھے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، آکشر پٹیل اور عمران ملک نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش نے سیریز کے پہلے اور دوسرے میچ میں بھارت کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

ایشان کشان کو شان دار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز نے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024