• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فٹبال ورلڈ کپ: پنالٹی ککس پر برازیل باہر، کروشیا کی مسلسل دوسری مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی

شائع December 9, 2022 اپ ڈیٹ December 10, 2022
کروشیا کے کھلاڑیوں نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں زبردستی کارکردگی دکھائی—فوٹو:رائٹرز
کروشیا کے کھلاڑیوں نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں زبردستی کارکردگی دکھائی—فوٹو:رائٹرز

فٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں ایک اور غیرمتوقع نتیجہ آیا جہاں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل برازیل زبردست مقابلے کے بعد کروشیا کے خلاف پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ناکام ہو کر ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

کروشیا نے سابق چمپیئن برازیل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-4 سے شکست دے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے نپی تلی کارکردگی دکھائی اور مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔

برازیل کی جانب سے اسٹار کھلاڑی نیمار نے اضافی وقت میں گول کرکے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید دلائی لیکن کروشیا نے اس کا بدلہ لیا۔

نیمار نے 105 ویں منٹ میں ٹیم کے لیے گول کیا تو اس وقت بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ برازیل کی ٹیم اس کا بھرپور دفاع کرے گی اور باآسانی سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔

برازیل کی ٹیم پورے میچ میں حاوی نظر آئی اور کئی دفعہ گول کرنے کے مواقع پیدا کیے لیکن کامیاب نہیں ہوسکی۔

نیمار نے بین الاقوامی سطح پر اپنا 77 واں گول کیا اور برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا پیلے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

برازیل کے عظیم کھلاڑی پیلے نے 77 گول کرکے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

اضافی وقت کے ہاف ٹائم کے بعد جب کروشیا کی ٹیم واپس آئی تو تازہ دم نظر آئی اضافی وقت کے اختتام سے 4 منٹ قبل کھیل کے 116 ویں منٹ میں گول کر کے میچ ایک مرتبہ پھر برابر کر دیا۔

کروشیا کی جانب سے برونو پیٹکووچ نے گول کیا اور ہیرو ثابت ہوگئے۔

ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل کا مقابلہ اضافی وقت میں بھی برابر رہا، جس کے نتیجے میں پنالٹی ککس پر فیصلہ ہوا۔

برازیل کی جانب سے روڈریگو نے پہلی کک ضائع کر دی گئی تاہم کروشیا کے گول کیپر ڈومینک لیوا کووچ نے مہارت کے ساتھ برازیل کو ناکام بنا دیا۔

کروشیا کی جانب سے کپتان لیوکا موڈرک سمیت دیگر کھلاڑی نیکولا ولاسک، لورو میجر اور میسلیو اورسک نے کوئی غلطی نہیں کی اور ٹیم کی جیت یقینی بنائی اور چاروں کھلاڑیوں نے پنالٹی کک پر گول کیا۔

کروشیا نے برازیل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 2-4 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ورلڈ کپ 2018 میں کروشیا نے کوارٹرفائنل میں میزبان روس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں ان کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوا تھا۔

کروشیا نے گزشتہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دی تھی تاہم فائنل میں فرانس نے باآسانی 2-4 سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب برازیل کی ٹیم گزشتہ ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں بیلجیم سے 1-2 سے شکست کھاکر ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی اور گزشتہ 5 ورلڈ کپ مقابلوں میں یہ مسلسل چوتھی دفعہ ہے کہ برازیل کوارٹرفائنل سے باہر ہو گئی ہے۔

برازیل نے 2002 میں ورلڈ کپ جیتا تھا اور سب سے زیادہ پانچویں مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024